محرومیوں سے نجات
سوال: میں ایک بہت بدصورت لڑکی ہوں چہرے سے ایسے لگتا ہے
جیسے45,40کی عمر ہو۔مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتایا جائے کہ جس سے انتہائی خوبصورت اور
پرکشش ہو جاؤں اور میرا رنگ بھی سرخ و سفیدہو جائے جو محرومیاں اور طعنے مجھے اس بدصورتی
کی وجہ سے برداشت کرنے پڑتے ہیں اس سے نجات مل جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی میں
کوئی کمی ہو تو وہ اپنے اندر دوسری خوبیاں پیدا کر کے اس پر غالب آ جاتا ہے۔میں خوبصورت
تو نہیں ہوں لیکن خوب سیرتی کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔ سگھڑ ہوں، سلیقہ شعارہوں، گھر
داری کے ہر کام میں ماہر ہوں۔ نماز پنجگانہ کی پابند ہوں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں لیکن
پھر بھی ہر جگہ ٹھکرائی جاتی ہوں۔ لوگ نفرت سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ میری تو خدا سے دعا
ہے کہ کوئی لڑکی بھی بدصورت پیدا نہ ہو۔ لوگوں کی اس نفرت نے مجھے آپ کو خط لکھنے پر
مجبور کر دیا ہے۔ اب میں چاہتی ہوں کہ میں اس قدر خوبصورت ہو جاؤں کہ جو بھی دیکھے
دیکھتا رہ جائے اس کے علاوہ میرا قد بھی کچھ چھوٹا رہ گیا ہے۔ آپ لوگوں کو قد بڑھانے
کے لئے ساگودانہ کی کھیر والا نسخہ تجویز کرتے ہیں کیا میں وہ استعمال کر سکتی ہوں۔
میں چھ سات سال سے آپ کی معتقد ہوں۔ بے شک میں نے ابھی تک آپ کے اس روحانی فیض سے فائدہ
نہیں اٹھایا لیکن اب آپ کے اس فیض سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہوں۔
جواب: نو انچ بارہ انچ سفید شفاف شیشے کے اوپر
سبز رنگ پینٹ کرا کے لکڑی میں اس طرح فریم کر الیں کہ شیشہ دونوں طرف سے نظر آئے۔ مطلب
یہ ہے کہ لکڑی کا اسٹینڈ بنوا لیں اور اس اسٹینڈ میں شیشہ رکھ دیں ۔ اس شیشہ کو صبح
شام رات پندرہ پندرہ منٹ دیکھا کریں اس کے ساتھ ساتھ حوروں سے ملاقات کا عمل کریں۔
عمل یہ ہے۔ صبح فجر کی اذان کے وقت ایک سو بار درود شریف ایک سو بار یا حی یا قیوم
پڑھ کر آنکھیں بند کر کے جنت کے خیال میں بیٹھ جائیں اور دس منٹ تک خالی الذہن ہو کر
جنت کے تصور میں بیٹھی رہیں۔ جب تک مسئلہ آپ کے حسب منشاء حل نہ ہو۔ یہ عمل جاری رکھیں۔
ساگودانہ اور منقیٰ کی کھیر پکا کر دوپہر کو دو چمچے کھا لیا کریں۔