Spiritual Healing

شادی کا بھوت

سوال:  میرے سر پر نہ تو شادی کا بھوت سوار ہے اور نہ ہی نیت بری ہے۔ گھر میں ہم چار بہنیں اور ایک بھائی ہے۔ خاندان کھاتا پیتا اور شریف ہے اور ہم خوبصورت پڑھی لکھی ہیں مگر ہمارے گھر کوئی رشتہ نہیں آتا۔ حالانکہ ہمارا کوئی مطالبہ سوائے لڑکے کی قابلیت کے نہیں ہے۔ اگر کوئی اچھا رشتہ آئے تو بغیر کسی وجہ کے رشتہ نہیں ہوتا۔ مجھے ایک شخص نے شادی کے لئے کہا۔ میں نے استخارہ کر کے ہاں کر دی۔ اس نے مجھے اپنی بہن اور بہنوئی سے ملوایا۔ اپنے والدین کو خط لکھے جو رضامند ہیں۔ میں نے بھی اپنے والدین کو بتایا کیونکہ ہماری نیت صاف تھی مگر ہر رشتہ کی طرح یہ بھی اب تک یہی کہتے ہیں کہ مجھے رشتہ پسند ہے مگر شادی کے لئے پیسے نہیں ہیں۔

خواجہ صاحب! میں چاہتی ہوں کہ وہ دوبارہ ہمت سے کام لیں اور رشتہ مانگیں اور میرے والدین ہاں کر دیں اور شادی عزت سے ہو جائے۔

دوسرا مسئلہ باجی کا ہے۔ باجی بچپن سے ہی آدمیوں سے نفرت کرتی ہیں مگر اچانک ایک اچھا شخص رشتہ کے لئے آیا اور عجیب بات یہ کہ باجی اسے پسند کرنے لگیں مگر ہوا وہی کہ بغیر کسی سبب کے اس شخص کی شادی کہیں اور ہو گئی۔ اب باجی اپنی پرانی روش پر بھی آ گئی ہیں اور کہتی ہیں کہ شادی میں کیا رکھا ہے؟ مجھے نہیں کرنی شادی۔

آپ سے التجا ہے کہ ایسا وظیفہ مجھے یا والدہ کو بتائیں کہ باجی کا دماغ درست ہو جائے اور کوئی اچھا رشتہ آجائے۔ براہ کرم ساتھ ہی آپ ٹیلی پیتھی کے ذریعہ باجی اور میرا رشتہ مانگنے والوں کے دماغوں کو صحیح راستے کی ترغیب دیں۔ خدا آپ کو جزائے خیر دے۔

جواب: ہر نماز کے بعد ایک سو بار یا وہاب پڑھ کر دس منٹ تک عرش کا تصور کریں اور صرف ایک مقصد شادی کے لئے دعا کریں۔ صبح سویرے بیدار ہو کر شمال کی طرف منہ کر کے بیٹھ جائیں ، آنکھیں بند کر کے 300بار اَلرِّجَالُ قَوَّامُوْنَ عَلیٰ النِّسَاءَ پڑھیں۔ یہی عمل آپ کی والدہ بھی دہرائیں۔ صبح سویرے کا ورد کرنے سے پہلے وضو کر لیں۔ عمل کے بعد فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد کچھ دیر کے لئے سو جائیں۔ جب تک شادی کی تکمیل ہو یہ عمل جاری رکھیں۔ 

Topics


خواتین کے مسائل

خواجہ شمس الدین عظیمی