شادی اور شیطانی وسوسے
سوال: سب طرف سے نا امید ہو کر آپ سے رجوع کر رہی ہوں۔
میں بہت دکھی ہوں۔ میرا خط پڑھ کر ضائع نہ کیجئے گا کیونکہ میری جیسی بہت سی لڑکیاں
اس مسئلے سے دوچار ہوں گی۔ ہمارے گھر میں شادی کا رواج نہیں ہے۔ شادی کے متعلق کوئی
نہیں سوچتا۔ میری بڑی بہن نے انتطار کر کے خود ہی شادی کر لی تھی۔ جس کی وجہ سے والدصاحب
اس سے ناراض ہو گئے اور خاندان میں بہت بدنامی ہوئی۔ اب مسئلہ میرا ہے کہ میرا جو بھی
رشتہ آتا ہے والد، والدہ اور بھائی کوئی نہ کوئی بات کہہ کر انکار کر دیتے ہیں۔ میری
عمر اس وقت 24سال ہے۔ آپ بتائیں میں کیا کروں۔ اب میرے اوپر شیطانی وسوسوں کا غلبہ
رہنے لگا ہے۔ کوئی رشتہ آ جائے اور میں بھولے سے بھی کہہ دوں کہ ہاں یہ رشتہ اچھا ہے
تو وہ طعنے سننے پڑتے ہیں کہ خدا کی پناہ۔ میری سگی ماں مجھ سے کہتی ہے کہ تو ڈھونڈتی
پھرتی ہے۔ والد کہتے ہیں تمہارے لچھن اچھے نہیں ہیں۔ اسی لئے تم کہتی ہو میری شادی
کر دو۔ بھائی کہتا ہے کیا ضرورت ہے شادی کی، ابھی تمہاری عمر ہی کیا ہے۔ جب کوئی اچھا
رشتہ آئے گا تو دیکھا جائے گا۔ اگر نماز پڑھوں تو شک کرتے ہیں کہ پتہ نہیں کیا کیا
دعائیں مانگتی ہے۔ ماں ہر وقت بددعائیں دیتی رہتی ہیں کہ اگلے گھر جا کر جب جوتے پڑیں
گے تب دیکھوں گی۔ دو دن نہیں رہ سکتی تو کسی کے ساتھ، حالانکہ گھر کا سارا کام کرتی
ہوں۔ میری کوئی سہیلی نہیں ہے اور نہ مجھے کہیں آنے جانے کی اجازت ہے۔ خدا کے لئے آپ
میرے حق میں دعا کریں۔ شاید اللہ تعالیٰ قبول کرے اور میری مشکلیں دور ہو جائیں۔
جواب: آدھی رات گزرنے کے بعد وضو کر کے دو
نفل ادا کریں اور نفل کے بعد 33مرتبہ یا وہاب پڑھ کر آنکھیں بند کر کے مراقبہ کریں۔
مراقبہ میں دیکھیں کہ آپ کے چاروں طرف پھول ہی پھول ہیں۔ جب تصور قائم ہو جائے لمبے
لمبے سانس لیں اور اس کے بعد نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ اپنی شادی کے لئے دعا کریں۔
اللہ تعالیٰ فضل فرمائیں گے اور آپ اپنے گھر کی ہو جائیں گی۔