Spiritual Healing

بچپن‘جوانی ایک جیسی

سوال:  میں بچپن ہی سے دبلی پتلی اور حساس لڑکی تھی لیکن میرا چہرہ خوبصورت تھا۔ میں ساتویں کلاس میں تھی کہ میری دور کی نظر کمزور ہو گئی۔ مجھے چشمے سے بے حد چڑ تھی جس کی بنا پر میں نے کسی سے اپنی نظر کی کمزوری کا نام نہ لیا لیکن دل میں فکر رہتی تھی۔ پھر میرا قد لمبا ہو گیا اور چہرہ پتلا ہو گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ میرے چہرے پر کیل نما دانے نکلنے لگے۔ چہرے پر کریمیں لگائیں جس سے چہرہ اور خراب ہو گیا۔ دانے ختم ہوئے تو داغ رہ گئے اور وہ داغ بالکل چیچک کے داغوں کی طرح لگتے ہیں۔ میں اکثر کیلوں کو دبا کر نکال دیتی تھی جس سے چہرے پر سوراخ پڑ گئے اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے پڑ گئے۔ میرا چہرہ چھوٹا، پتلا اور لمبا ہے جس کی بنا پر چشمہ بہت برا لگتا ہے۔ آپ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ چہرے کے داغ دور ہو جائیں اور نظر کی کمزوری بھی دور ہو جائے۔

جواب: گیرو کو پانی میں ملا کر لگائیں۔ کچھ عرصہ میں کیل اور مہاسوں کے نشانات ختم ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ غذاؤں میں بادی اور ثقیل اشیاء سے پرہیز کریں۔ ترکاریاں اور پھل زیادہ کھائیں۔ جہاں تک چشمے کا تعلق ہے تو فریم کا انتخاب اس طرح کیا جا سکتا ہے کہ وہ چہرے کی مناسبت سے برا نہ معلوم ہو۔ چشمے کے استعمال کے ساتھ ساتھ آپ کی بصارت کو قوت دینے کے لئے اس نسخہ پر عمل کریں۔

صبح نہار منہ ایک بادام اور ایک ماشہ اسپغول صاف شدہ لیں۔ بادام کی گری رات کو بھگو دیں اور صبح اس کا چھلکا صاف کر دیں۔ صاف کھرل میں بادام کی گری پیسئے اور جب وہ بالکل باریک ہو جائے تو اس میں تھوڑا سا پانی ڈال دیں۔ پھر اسپغول ڈال کر پئیں۔ پانی بہت تھوڑا سا ڈالتے رہیں۔ اس مشروب کو کوئی چیز شامل کئے بغیر پی لیں اور کم از کم آدھا گھنٹہ تک کوئی چیز نہ کھائیں۔ تین ہفتے تک اس مشروب کو استعمال کریں۔ اس کے بعد چھوڑ دیں۔ اس کے علاوہ نیم بھنی ہوئی سونف بھی دن میں ایک مرتبہ کھایا کریں۔ سونف کا استعمال مشروب کا کورس ختم ہونے کے بعد بھی جاری رکھیں۔

Topics


خواتین کے مسائل

خواجہ شمس الدین عظیمی