Spiritual Healing

نفرت کرتے ہیں

سوال:  میری ماں، باپ، بھائی اور اسکول والے مجھے سے ہمیشہ نفرت کرتے ہیں۔ جب میں پیدا ہونے والی تھی میرے باپ نے امی سے کہا تھا کہ مجھے ضائع کرا دیں۔ بھائی بھی مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ بہن کہتی ہے۔ میری ماں کہتی ہے بدصورت ہر وقت ہماری جان پر بیٹھی روٹیاں توڑتی رہتی ہے۔ میں نے ایک دن تنگ آ کر کہا کہ عظیمی صاحب کو خط لکھوں گی تو سب نے میرا مذاق اڑایا اور جب میرے خط کا جواب نہ آیا تو سب نے کہا اتنی ساری بدصورتی کو تو ظاہر وہ وہ دور نہیں کر سکتے مگر میں نے خدا کے حضور گڑگڑا کر دعا کی کہ آپ کو مجھ پر رحم آ جائے اور یہ دوسرا خط لکھ رہی ہوں۔ میری بدصورتی کا حال کچھ یوں ہے کہ میری کمر میں کب ہے، کولہے اور پیٹ پیٹ بڑھا ہوا ہے۔ کمر پر بھی چربی چڑھی ہوئی ہے۔ منہ جسم کی مناسبت سے چھوٹا ہے۔ رنگ کالا ہے۔ غسل کرتے وقت کھال چھل جاتی ہے۔ مردوں کی طرح چہرے پر بال ہیں اور ساتھ ہی مہاسے اور دانے بھی ہیں۔ مسامات کے سوراخ بڑے ہیں۔ بھنویں موٹی ہیں اور پیشانی دو انچ کی ہے۔ آنکھیں بھی چھوٹی ہیں دانت لمبے اور چوڑے ہیں اور لاکھ مانجھنے کے بعد پیلے رہتے ہیں۔ پہلے بال لمبے اور گھنے تھے مگر اب گھنا پن ختم ہو گیا ہے۔ پاؤں بڑے اور چوڑے ہیں ان تمام عیبوں کی وجہ سے لوگ مجھے چڑیل اور ڈائن کہتے ہیں۔ مجھ سے ہر ایک نفرت کرتا ہے۔ میں سب کو اتنا پیار دیتی ہوں لوگ مجھے منہ بھی نہیں لگاتے۔ میں انتہائی درجہ خدمت گزار ہوں۔ لوگوں کے کام آتی ہوں۔ میرے دل میں بچوں کا بہت پیار ہے۔

جواب: رات کو سونے سے پہلے وضو کر کے 100بار درود شریف پڑھ کر آنکھیں بند کر کے حضور پاکﷺ کے روضہ مبارک کا تصور کر کے مراقبہ کیا کریں اور مراقبہ کے بعد حضرت بلال حبشیؓ کے بارے میں سوچا کریں۔ یہ عمل نوے دن تک کریں۔ اس کے بعد کیفیات سے مطلع کریں۔

 

Topics


خواتین کے مسائل

خواجہ شمس الدین عظیمی