Spiritual Healing

ضد اور غصہ

سوال:  ہماری داستان بڑی درد ناک ہے۔ لیکن میں مختصر بیان کر رہی ہوں۔ بات یہ ہے کہ ہمارے والدصاحب ان پڑھ، بدمزاج، غصہ کے تیز اور بہت شکی مزاج ہیں۔ جبکہ ہماری والدہ صاحبہ صبر و شکر والی اور ایم اے ہیں۔ یہ تو اللہ ہی جانتا ہے کہ ان دونوں کا جوڑ کس طرح ہوا۔ یہ تو خود تو بے پڑھے ہیں ہی لیکن ہم دونوں بہنوں کو بھی پڑھنے نہیں دیتے۔ مگر ہماری والدہ نے بڑی قربانیاں دے کر ہمیں میٹرک کروایا۔ ابو کے سب خاندان والے بھی ان پڑھ شکی اور پتہ نہیں کیا کیا ہیں۔ ابو نے ہم پر بہت ظلم اور ستم کئے ہیں۔ کرتے رہتے ہیں جبکہ اب ہم جوان ہو چکے ہیں مگر ہم ان کے سامنے ایک لفظ تک نہیں بول سکتے۔ حتیٰ کہ حق بات پر بھی بولنا منع ہے۔ دونوں بھائی جوان ہیں وہ بھی ابو سے بہت ڈرتے ہیں۔ انہی حالات کو برداشت کر کے ہمارے گھر کے تمام افراد بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ہم ڈاکٹر سے مکمل علاج ہی نہیں کروا سکتے کیونکہ ابو کے دل میں طرح طرح کے شک آ جاتے ہیں۔

سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ ہماری شادی اپنے خاندان میں کرنا چاہتے ہیں کیونکہ امی کا تو اس دنیا میں سوائے اللہ کے کوئی اور نہیں۔ ابو کہتے ہیں کہ تم لوگوں نے میرے خاندان میں شادی نہ کی تو میں تم لوگوں کو کہیں بھی شادی نہیں کرنے دوں گا۔ابو کے تمام خاندان والے دور دراز جنگل میں ایک گاؤں میں رہتے ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ آپ روحانی علوم کی روشنی سے والدصاحب کے ذہن کو صاف ستھرا بنا دیجئے تا کہ ان کے ذہن میں موجود شک نفرت غصہ جیسے منفی جذبات نکل جائیں اور ان کے بجائے محبت عجز و انکساری اور بچوں سے پیار امڈ آئے۔

جواب: صبح سورج طلوع ہونے سے قبل نماز فجر ادا کر کے ایک سو باربِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کے ساتھ یا ودود پڑھیں اور پانی پر دم کر کے رکھ لیں اور یہ پانی اپنے والدصاحب کو پلائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رات کو سوتے وقت کوئی ایک بہن یا بھائی والدصاحب کے سرمیں تیل ڈالے اور تھوڑی دیر پیر دبائے۔ انشاء اللہ اس طرز عمل سے والدصاحب کے مزاج میں سے ضد اور غصہ نکل جائے گا۔

Topics


خواتین کے مسائل

خواجہ شمس الدین عظیمی