Topics
س: میری عمر اس وقت سولہ سال ہے مگر میرا قد میری عمر کے لحاظ سے بہت بڑھ گیا ہے جو پانچ فٹ پانچ انچ ہے۔ قد کے لحاظ سے جسم کے باقی اعضاء ہاتھ، پیر، بازو وغیرہ بھی لمبے ہیں۔ میں اپنے قد کے زیادہ لمبے ہونے پر بہت پریشان رہتی ہوں۔ ہر وقت اس بات پر کڑھتی ہوں، پہروں دائیں مانگتی ہوں۔ بازار میں لوگ اکثر طنز کرتے ہوئے گدھا، گھوڑا اور لمبو جیسے ریمارکس پاس کرتے ہیں۔ میں اس قدر احساس کمتری میں مبتلا ہو گئی ہوں کہ سوائے کالج جانے کے اور کہیں بھی نہیں جاتی۔ بڑی عاجزی سے درخواست ہے کہ آپ خدا کے لئے میری مدد فرمائیں۔ میرے لئے ایسا روحانی علاج تجویز کر دیں کہ میرا قد دو تین انچ کم ہو جائے اور میں مناسب قدو قامت کی ہو جاؤں۔ میرا وزن وغیرہ بالکل مناسب ہے۔ تقریباً 120پونڈ ہے مگر لمبے قد نے مجھے پریشان کر رکھا ہے۔ آپ کو اپنا مسیحا سمجھ کر حال دل بیان کر دیا ہے۔ کوئی مناسب علاج بتا دیں۔
ج: صبح نہار منہ، دوپہر زوال کے وقت، عصر کے بعد اور رات کو سونے سے پہلے ایک ایک لوٹا پانی کھڑی ہو کر ٹونٹی سے دونوں پیروں پر بہا دیا کریں۔ جب قد نارمل ہو جائے۔ یہ علاج بند کریں۔ تازہ سبزیاں اور پھل کثرت سے استعمال کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****