Topics

چیخیں

س: بیماری سے بہت دکھی ہو کر آج آپ کو خط لکھ رہی ہوں۔ امید ہے ضرور رحم فرما کر علاج تجویز فرمائیں گے۔

دو سال سے میرے پیٹ میں شدید درد اٹھتا ہے جو کہ پیٹ سے اٹھ کر کلیجہ، پسلیوں اور سینہ کی طرف چڑھ آتا ہے۔ پھر ان جگہوں میں اتنا شدید درد ہوتا ہے کہ میری چیخیں دور دور تک سنی جاتی ہیں۔ درد کی شدت سے سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اوپر کے تمام اعضاء سوج گئے ہیں۔ معدہ اور جگر درد سے بھاری ہو جاتے ہیں۔ ڈکار بھی آئے تو شدید درد محسوس ہوتا ہے۔ 

پھیپھڑوں میں ہوا بھر جاتی ہے۔ جس وقت سینہ میں، پیٹ میں، پشت پر درد ہوتا ہے تو نہ میں ہل جل سکتی ہوں اور نہ سیدھی ہو سکتی ہوں۔ درد کی شدت سے میں اپنی چیخیں نہیں روک سکتی۔ زمین پر لیٹتی تڑپتی پھرتی ہوں۔ تھوک نگلتی ہوں تو گڑ گڑ کرتی نیچے جاتی معلوم ہوتی ہے۔ معدے سے ایک لیس دار رطوبت بہت ہو جاتی ہے۔ کبھی کبھی بغیر درد کے دست بھی لگ جاتے ہیں۔ خالی پیٹ بھی ہوا کی ڈکاریں آتی ہیں۔ دال نہیں کھا سکتی۔ برف نہیں پی سکتی۔ خدا کے واسطے دوا اور دعا دونوں سے نوازیئے۔ علاج جلدی لکھئے۔ میں بہت دکھی ہوں۔ میری عمر 38سال ہے۔

ج: چینی کی دو عدد سفید پلیٹوں پر زردہ کے رنگ اور عرق گلاب سے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ۔ ایک بار۔ رِیَاحِیْنَ مَاءٍ 12مرتبہ لکھ کر پانی سے دھو کر صبح شام پئیں۔

پودینہ، سونف، بڑی الائچی کے بیج، سونٹھ، زیرہ سفید۔ سب چیزیں ہم وزن لے کر ہاون دستہ میں کوٹ کر سفوف بنا لیں۔ دونوں وقت کھانوں سے پہلے ایک ایک چٹکی کھا لیا کریں۔

چکنی، تلی ہوئی، باسی اور بادی چیزوں سے پرہیز کریں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****