Topics
س: 4سال سے خونی بواسیر کا مرض ہے۔ جب سے یہ مرض لگا ہے اور بھی کئی بیماریاں لگ گئی ہیں۔ مقام خاص پر روزانہ کھولن ہوتی ہے۔ اندر ہی اندر آگ سی لگتی ہے جبکہ مرچیں ایک ذرا بھی استعمال نہیں کر رہی ہوں۔ ڈاکٹر حکیم کہتے ہیں معدے میں تیزابیت ہے۔ ڈھائی مہینے کے علاج کے بعد پھر تکلیف ہے۔
ہر ڈیڑھ مہینے کے بعد حلق میں تکلیف شروع ہو جاتی ہے۔ تھوک نگلنے سے یا حلق میں کوئی چیز ڈالنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حلق میں کوئی چیز پھنسی ہوئی ہے۔
زبان میں بھی کبھی کبھی جلن ہو جاتی ہے۔ زبان پر انگلی پھیرو تو ابھری ابھری سی اور کٹی کٹی سی لگتی ہے۔
ہاتھ پیروں میں سنسناہٹ رہتی ہے۔ ہاتھ پیر بھاری اور من من بھر کے محسوس ہوتے ہیں۔
ج: حبس ریاح، قبض، بند نزلہ اور معدے میں تیزابیت آپ کے امراض ہیں۔ اگر قبض کا صحیح علاج ہو جائے تو آدھی بیماریاں خود بخود ٹھیک ہو جائیں گی۔ لیکن علاج کسی تجربہ کار معالج کی نگرانی میں ہونا چاہئے۔ روحانی علاج یہ ہے۔
جب بھی آپ طہارت کریں الٹے ہاتھ کی بڑی انگلی سے استنجہ کریں اور زبان سے مانی فمیراً پڑھتی رہیں۔ علاج کی مدت چالیس روز ہے۔ اس کے ساتھ مادی علاج اور پرہیز بھی ضروری ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****