Topics

نروس بریک ڈاؤن

س: لڑکا ایم ایس سی کا طالب علم ہے۔ ایک پرچہ آنرز کا باقی ہے جو اس ماہ کے آخر میں یا اگلے ماہ متوقع ہے۔ دو سال پہلے ایک استاد کے سخت اور اہانت آمیز برتاؤ کی وجہ سے نروس بریک ڈاؤن ہو گیا تھا۔ دوا علاج اور دعا وظیفے سب ہی کچھ کیا اب اس کی حالت یہ ہے کہ دنیا کی چیزوں میں دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے اور بے عمل اور آرام طلب سا ہو گیا ہے۔ ذہنی حالت پہلے جیسی تو نہیں نارمل حالات نہیں کہی جا سکتی۔ مجھے اس کا مستقبل اور صحت کی طرف سے فکر ہے۔ آپ اس کی کامیابی امتحان اور صحت کے لئے کوئی دعا یا نقش لکھ دیں تو بڑی مہربانی ہو گی۔ نیز یہ کہ جلد برسرروزگار ہو جائے تو ہماری پریشانیاں دور ہو جائیں۔ اس کے لئے دعا کرائیں۔

ج: رات کو سوتے وقت اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 313بار یا حفیظُ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پلائیں اور دعا کریں۔ عصر اور مغرب کے درمیان اللہ کے نام پردو روپے خیرات کریں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****