Topics

اولاد کی خوشی

س: خواجہ صاحب! میں عرصہ چار سال سے نسوانی تکلیف، ایام کی زیادتی میں مبتلا ہوں۔ بغیر دوائی کے آرام ہی نہیں آتا۔ کتنی مرتبہ اندرونی صفائی کرا چکی ہوں۔ بے قاعدگی رہتی ہے۔ کبھی کبھار تین چار مہینے ایسے ہی گزر جاتے ہیں اور کبھی پندرہویں دن ایام شروع ہو جاتے ہیں۔ شادی کو تین سال ہونے والے ہیں اور یہ بیماری مجھے شادی سے آٹھ نو مہینے پہلے ہوئی تھی۔ ڈاکٹری رپورٹ کے مطابق میرے ہارمونز ڈسٹرب ہیں۔ بہت دوائیاں کھائیں مگر آرام ندارد۔ آپ سے عرض ہے کہ اس مسئلہ کا حل بتائیں یا کوئی وظیفہ دیں یا کوئی روحانی علاج۔ کوئی کہتا ہے کہ نظر لگ گئی ہے اور کوئی کہتا ہے کہ کسی نے جادو کرا دیا ہے اس لئے دوا اثر نہیں کرتی۔ براہ مہربانی آپ بتائیں کہ مجھ پر واقعی جادو یا نظر بد ہے یا پھر میری قسمت کا ستارہ ہی گردش میں ہے۔

دوسرا اہم مسئلہ یہ ہے کہ میں ابھی تک اولاد کی نعمت سے بھی محروم ہوں۔ شادی کو تین سال ہو چکے ہیں اور اب تو ناامیدی ہو چکی ہے کہ میں کبھی ماں بنوں گی۔ مجھے اپنی بیماری دور کرنے اور اولاد کے لئے وظیفہ یا کوئی روحانی علاج چاہئے۔

ج: بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِoیَاعَجَائِبُالْخَفَاوَیَاوَرَاءَ الْخَلْقُ چینی کی پلیٹوں پر لکھ کر سبز شعاعوں کے پانی سے دھو کر صبح شام پئیں۔ اکیس روز عمل کرنے کے بعد حالات سے مطلع کریں۔ تیز نمک، مصالحوں اور مرچ سے پرہیز کریں۔ لوکی، توری اور ٹنڈہ زیادہ کھائیں۔ 

بالنگوہ کا شربت بنا کر پیا کریں۔ اولاد نہ ہونے کا تعلق آپ کی بیماری سے ہے۔ صحت ہو جانے کے بعد انشاء اللہ آپ کو اولاد کی خوشی بھی نصیب ہو گی۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****