Topics

دو بیویاں

س: آپ کو بار بار زحمت دینے پر انتہائی شرمسار ہوں لیکن کیا کروں میرے خدا اور رسولﷺ کے بعد آپ کا ہی سہارا ہے۔ ابو کی دو بیویاں ہیں جن میں پہلی کی پانچ لڑکیاں اور دوسری کی تین لڑکیاں اور دو لڑکے ہیں۔ شادی کے ایک سال بعد تک ابو امی کے ساتھ بالکل ٹھیک رہے پھر انہیں آہستہ آہستہ امی سے نفرت ہوتی چلی گئی۔ ابو کو ہر وقت غصہ چڑھا رہتا ہے۔ انتہائی شکی مزاج ہیں۔ 

امی کو کسی رشتہ دار سے ملنے نہیں دیتے۔ سسرال کے بہت خلاف ہیں۔ امی پر ہر کسی کا عیب لگا دیتے ہیں۔ نشہ بھی کرتے ہیں۔ نشہ میں امی پر بہت ظلم کرتے ہیں۔ ہمارے بچپن میں امی کو بہت مارا ہے اب ہم جوان ہو گئے ہیں۔ ہم امی کے اگے ہو جاتے ہیں تو ہمارے بھی دشمن ہو گئے ہیں۔ میری سوتیلی ماں اور بہنوں کو بہت اچھا سمجھتے ہیں ان کے لئے ابو کے پاس وقت اور پیسہ ہر چیز موجود ہے۔ خواجہ صاحب! امی بہت پریشان رہتی ہیں۔ ابو کے سلوک اور نفرت نے انہیں ذہنی طور پر اور جسمانی طور پر بیمار کر دیا ہے۔ 

امی کے ساتھ بول چال بالکل بند ہے۔ امی کی طرف سے منہ پھیر کر بیٹھتے ہیں۔ آپ کو خدا اور رسولﷺ کا واسطہ آپ محفل مراقبہ میں ہمارے لئے خلوص دل سے دعا کیجئے گا کیونکہ آپ کی دعا نے بھٹکے ہوؤں کو صحیح راستہ دکھایا ہے اور ہمارے جاننے والوں میں بہت سے لوگوں کے بگڑے ہوئے کام بن گئے ہیں۔

ج: اپنی امی سے کہیں کہ وہ ہر وقت کثرت سے یا حفیظ کا ورد کریں اور رات کو بستر پر سیدھی لیٹ کر یَااَللّٰہُ یَارَحْمَانُ یَا رَحِیْمُُ پڑھتے پڑھتے سو جایا کریں۔ محفل مراقبہ میں انشاء اللہ دعا کرا دی جائے گی۔ ایک کام یہ کریں کہ ہر جمعرات کو دو روپیہ خیرات کر دیا کریں اور یہ عمل گیارہ جمعرات تک کریں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****