Topics

وہم کا علاج

س: پتہ نہیں کیوں میں ڈرتی بہت ہوں۔ یہ ڈر کسی دن میری جان لے لے گا۔ خدارا کچھ بتا دیں کہ میرے اعصاب مضبوط ہو جائیں۔ ڈر کی وجہ سے میرے اوپر کپکپی طاری ہو جاتی ہے اور رعشہ سے سارا بدن کانپنے لگتا ہے۔ جسم ٹھنڈا یخ ہو جاتا ہے۔ میں ہاتھ جوڑتی ہوں، میری مدد کریں۔ اس عذاب میں چار سال سے مبتلا ہوں۔ دنیا کا کوئی علاج ایسا نہیں ہے جو نہ کیا ہو۔

ج: اس مرض کی بنیاد وہم ہے۔ کہتے ہیں کہ وہم کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا لیکن مابعد نفسیات PARAPSYCHOLOGYمیں اس کا موثر اور شافی علاج موجود ہے وہ یہ کہ آپ کھانوں میں نمک کی مقدار کم سے کم بلکہ نہ ہونے کے برابر کر دیں۔ اس پرہیز کے ساتھ تین وقت ایک ایک چمچمہ شہد استعمال کریں۔ جس طرح بھی آپ کو کھانا پسند ہو روٹی کے ساتھ، دودھ میں ملا کر یا شہد کا شربت بنا کر۔ علاج کی مدت زیادہ سے زیادہ نویدن ہے۔ کسی ہوشیار طبیب کی نگرانی میں خالص اجزاء سے خمیرہ مروارید کرا لیں۔ ناشتہ کے ایک گھنٹہ کے بعد اور مغرب کی اذان سے پہلے تین تین ماشے کھائیں۔ 


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****