Topics
س: چار سال قبل ایک صبح جب بستر سے ٹانگیں نیچے کیں تو کمر میں ایک جھٹکا محسوس ہوا۔ اس کے بعد نہاتے میں خاصے درد کا احساس ہوا۔ چند دن میں درد پوری ٹانگ میں پھیل گیا اور کمر مڑ گئی۔ درد نے اتنی شدت اختیار کر لی کہ اٹھنا بیٹھنا محال ہو گیا۔ میں ہر وقت لیٹا رہتا اور کبھی تو تکلیف سے رو پڑتا ہوں۔ ہر طرح کا علاج کرایا لیکن فائدہ نہ ہوا۔ اب درد کچھ کم ہے لیکن کبھی بڑھ جاتا ہے۔
کمر سیدھی نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر آپریشن کہتے ہیں۔ جس پر میں آمادہ نہیں۔ کسی نے بھوت پریت کا اثر بتایا۔ اس کا بھی بہت علاج کرایا۔
لیکن بے فائدہ۔ اب آپ میری مدد فرمائیں کہ یہ واقعی کوئی بیماری ہے یا نہیں اور اس کا کیا علاج ہے؟ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے آپ کے ہاتھ سے شفا دیں۔
ج: کھانوں میں نمک کی مقدار کم کر کے چوتھائی کر دیں۔ کسی مومی کاغذ کے ایک ٹکڑے پر زعفران اور عرق گلاب سے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِoاَلرَّضَاعَتْ عَمَا نَوِیْلُ لکھ کر ایک پونڈ خالص شہد میں ڈال دیں۔ یہ شہد ایک چمچی روزانہ صبح، شام اور رات کو کھائیں۔
یہ امراض دماغ سے متعلق ہے جو دوران خون دماغ کو جھٹکا لگنے سے لاحق ہوتا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****