Topics
سوال: میرے والدین نے خاندان میں ایک لڑکے کے ساتھ شادی کر دی ہے۔ شادی کے بعد سات ماہ کا لڑکا پیدا ہوا۔ ہر کوئی نفرت سے دیکھتا ہے کوئی بچے کو پیار نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے شکل وصورت سے نوازا ہے جس کی وجہ سے شوہر فریفتہ تھا۔ ابھی دوسرا بچہ پیدا بھی نہیں ہوا تھا کہ شوہر نے طلاق دے دی۔ ملازمت کر کے والدین کے گھر دونوں بچوں کی پرورش کی۔ بڑا لڑکا جب گھر سے باہر کھیلنے کے لئے نکلتا تو لوگ اس سے پوچھتے تیرا باپ کون ہے، تو کس کا بیٹا ہے۔ عورتیں مجھے دیکھ کر ہنستی اور طرح طرح کی باتیں کرتی ہیں۔
دوسرے بیٹے کی ولادت کے بعد پھر خواب دیکھا کہ ہمارے گھر میں دو بکرے ذبح ہوئے پڑے ہیں۔ ایک کالا ہے اور دوسرا سفید۔
تمام گھر میں خون ہی خون ہے۔ اس کے بعد سے میں بہت خوفزدہ ہوں کہ یہ دونوں بچے ایک دوسرے کو قتل نہ کردیں۔ کیونکہ بکروں کے ساتھ ان کے رنگ ملتے ہیں۔
جواب: سورہ مائدہ کی آیت نمبر 90گیارہ ہزار مرتبہ پڑھ کر ایک کلو چینی پر دم کریں اور چینی بڑے بیٹے کو دودھ یا چائے میں ملا کر پلائیں۔ سات ہفتوں تک ہر ہفتہ بکرے کے سری پائے صدقہ کریں۔ اللہ معاف کرے آپ کے اندر دوسروں کے معاملات کریدنے کی عادت ہے۔ یہ عادت ختم کریں۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے:
جو آدمی کسی کی غیبت کرتا ہے وہ ایسا عمل کرتا ہے جیسے وہ اپنے بھائی یا بہن کا خون پیتا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔