Topics

بہترین انسان

سوال: جس جگہ میری شادی ہوئی ہے میں راضی نہیں تھا۔ کیونکہ پہلے ہی میری دو بہنوں کی شادی ان کے گھر ہو چکی ہے۔ میں جس جگہ شادی کرنا چاہتا تھا وہاں اس لئے شادی نہیں کی کہ دو بہنوں کا گھر اجڑ جاتا۔ وہ ظالم لوگ کہتے ہیں کہ کوئی بات نہیں تمہاری دو بیٹیاں ہیں۔ ہماری تو صرف ایک بیٹی ہے۔ آپ راہنمائی فرمائیں۔ میری دوسری شادی کرنے پر سارے خاندان والے راضی و خوشی ہیں۔ صرف لڑائی جھگڑے سے ڈر لگتا ہے۔ آپ حضور کوئی ایسا عمل بتائیں جس کے کرنے سے میری یہ مشکل حل ہو جائے میرے ذہن کو سکون ملے اور میں پھر سے تندو تیزی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کر سکوں۔ میرے اوپر خدارا یہ ایک عظیم احسان کیجئے۔

جواب: بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کے لئے قربانی دے اور ایثار کرے۔ اب چونکہ شادی ہو چکی ہے۔ اس لئے آپ اپنی بہنوں کے لئے ایثار کریں اور جس طرح بھی ہو راضی خوشی رہیں۔

ہر وقت چلتے پھرتے یا حی یا قیوم کا ورد کریں۔ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کو روحانی ڈائجسٹ پڑھوائیں۔ خود بھی پڑھیں اور عمل بھی کریں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔