Topics

لڑکی اور داڑھی

سوال: آپ سے مختلف مذاہب کے لوگ فیض حاصل کر چکے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ میرا مسئلہ بھی حل کریں گے۔ میں نے کوئی ڈاکٹر نہیں چھوڑا لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔ میری عمر سترہ سال ہے۔ میں پہلے بالکل نارمل تھی۔ جسم بھی بالکل ٹھیک تھا۔ چہرہ صاف اور پرکشش تھا۔ پھر میرا جسم پھولنے لگا اور پھر بہت زیادہ پھول گیا۔ خدا کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ میں جادو پر توجہ نہیں دیتی۔ 

ایک بزرگ کا دیدار ہوا تو انہوں نے بتایا کہ فلاں جگہ تمہارے اوپر تعویذ کئے گئے ہیں۔ وہ دن اور آج کا دن جسم پھولا ہوا ہے اور سر کے بال بھی اڑ اڑ کر بہت کم رہ گئے ہیں۔ اب میرے چہرے پر کالے کالے بال آ گئے ہیں۔ اوپر کے ہونٹ پر باقاعدہ مونچھیں نکل آئی ہیں۔ چہرہ پر داڑھی کا گمان ہونے لگا ہے جبکہ ابھی دو چار بال ہی بڑے بڑے ہیں۔

جواب: یہ سب نظام مخصوص کی خرابی کی وجہ سے ہے۔ کسی لیڈی ڈاکٹر سے رجوع کریں اور روحانی علاج کے لئے کتاب روحانی نماز کا مطالعہ کریں۔ اس میں مخصوص نظام درست کرنے کے لئے عمل موجود ہے۔ بینگنی رنگ شعاعوں کا تیل کمر کے جوڑ پر جو کولہوں کے درمیان ہوتا ہے صبح نہار منہ دس منٹ تک، دائروں میں مالش کریں۔ چکنائی سے پرہیز کریں۔ خواتین کے لئے فری علاج کے لئے مرکزی مراقہ ہال سرجانی ٹاؤن میں انتظام موجود ہے۔ 3بجے نمبر تقسیم ہوتے ہیں۔ آپ چاہیں تو تشریف لا سکتی ہیں۔ 


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔