Topics

جنت نظیر

سوال: میں بہت مجبور ہو کر خط لکھ رہی ہوں۔ امید ہے کہ آپ میرا مسئلہ حل کریں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ میرا شوہر گالی گلوچ اور مار پیٹ کرتاہے۔ وہ کہتا ہے کہ جاؤ دفع ہو جاؤ۔ میرے والدین نہیں ہیں اور نہ ہی کوئی بھائی یا بہن ہے، تنہا ہوں، بیمار ہوں۔ آپ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ میرا شوہر ٹھیک ہو جائے اور گالم گلوچ نہ کرے اور میری بیماری بھی دور ہو جائے اور صحت ٹھیک ہو جائے۔

جواب: ساس کہتی ہے کہ بہو اور اس کی ماں نے جادو کرا دیا ہے۔ بہو کہتی ہے کہ ساس نے جادو کرا دیا ہے۔ جادو نہیں ہوا لطیفہ ہو گیا۔ ہمیں جو کچھ معلوم ہوا ہے وہ یہ ہے کہ آپ زبان کی تیز اور شوہر غصہ کا تیز۔ بات بڑھ جاتی ہے تو شوہر آپے سے باہر ہو جاتے ہیں۔ قصور آپ دونوں میاں بیوی کا ہے۔ جب آپ دونوں میں نوک جھونک ہوتی ہے تو ساس بھی روایتی کردار پورا کر دیتی ہیں۔ 

اس کا حل اس کے سوا کچھ نہیں ہے کہ آپ شوہر کو ان کا جائز مقام دیں۔ شوہر آپ کو آپ کا مقام دیں۔ شوہر آپ کو آپ کا مقام ضرور دیں گے۔ جادو ٹونے کے چکر کو چھوڑیں۔ گھر میں دلچسپی لیں اور گھر کو گھر سمجھیں میدان کارزار نہ بنائیں۔ سگھڑ خواتین گھر کو جنت نظیر بنا دیتی ہیں۔ صبح سورج طلوع ہونے سے پہلے ایک مرتبہ یا ودود پڑھ کر پانی یا چائے پر دم کر کے شوہر کو نہار منہ پلا دیا کریں۔ آدھا پانی آدھی چائے خود پی لیا کریں۔ 


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔