Spiritual Healing

گھبراہٹ اور قے

سوال: عرصہ 8سال سے گھبراہٹ ہوتی ہے اور دوران گھبراہٹ کمرے میں بھاگتا ہوں۔ چیزیں الٹ پلٹ کر دیتاہوں۔ گھبراہٹ کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے بعد میں تیزابی، صفراوی سفید یا زرد قے ہوتی ہے تب ٹھیک ہو جاتا ہوں۔ 3سال پہلے دن کے بارہ بجے بے ہوش ہوا اور پانچ بجے ہوش میں آیا۔ وہ دن اور آج کا دن، رات دن گھبراہٹ اور اعصابی تناؤ رہتا ہے۔ آگ کی طرح جلتا ہوا سانس پہلے سینے میں محسوس ہوتا ہے پھر گلے میں اور بعد میں سر میں۔ پھر گھبراہٹ شروع ہو جاتی ہے۔ جو کچھ کھاؤ پورے دن تھوڑا تھوڑا قے کے ذریعے نکلتا رہتا ہے اور اتنا پریشر سے اوپر آتا ہے کہ ناک تک میں پہنچ جاتا ہے۔ سارے دن ترش تیزابی ڈکاریں آتی ہیں۔

شادی شدہ ہوں۔ دوکان چھوڑے بیٹھا ہوں۔ بہت پریشان ہوں۔ بہت علاج کروا چکا ہوں۔ آغا خان ہسپتال میں بھی ٹیسٹ کروا چکا ہوں۔ ہر چیز خدا کے فضل سے نارمل ہے۔ اس کے باوجود میری یہ کیفیت ہے۔ ازراہ کرم میرے لئے کچھ تجویز فرمائیں۔

جواب: صبح سویرے اذان کے وقت بیدار ہو کر غسل کریں۔ سردی ہو تو گرم پانی سے غسل کریں۔ اس کے بعد باجماعت فجر کی نماز ادا کریں اور پھر آدھے گھنٹے تک کھلی جگہ میں ٹہلتے رہیں۔

ناشتہ میں کھجوریں کھا کر اوپر سے دودھ پی لیا کریں۔ ایک ماہ کے اس عمل سے انشاء اللہ ساری شکایات رفع ہو جائیں گی۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔