Spiritual Healing

کالے رنگ کے بکرے

سوال: میں اکثر خواب میں سانپ اور کالے رنگ کے بکرے ذبح ہوتے دیکھتی ہوں۔ پانچ سال پہلے میرے شوہر نے خفیہ شادی کی۔ اس سے پہلے میں بہت صحت مند تھی۔ میری بیماری کی تمام علامات بھی پانچ سال سے شروع ہوئی ہیں۔ ماشاء اللہ میرے پانچ بچے ہیں جن میں لڑکے بھی شامل ہیں۔ ابھی کوئی بچہ روزگار کے قابل نہیں ہے میری بیماری کا کیا چکر ہے۔ اپنے علم کے ذریعے بتایئے کہ کیا یہ جادو کا اثر ہے۔ کیونکہ ڈاکٹر اور حکیم کے علاج سے کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ پہلے جسم کی الٹی جانب درد ہوتے تھے جن میں سر کا درد، ہاتھ درد شامل تھا۔ اب سیدھے جانب پیٹ میں پسلی کے نیچے درد ہونے لگا ہے۔ آپ میرے دکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی وظیفہ یا پھر جو عمل آپ مناسب سمجھیں تحریر فرما دیں۔

جواب: خواب کی تعبیر کی روشنی میں آپ گٹھیا کی مریضہ ہیں۔ استخارہ کرنے سے جادو کا اثر معلوم نہیں ہوا۔ البتہ وظیفے پڑھتی ہیں۔ 

وظیفے پڑھنے کی وجہ سے خون کے اندر شکر کم ہو گئی ہے۔ شکر کم ہونے سے خون میں نمک کی مقدار میں اضافہ ہو گیا ہے۔ خون میں نمک کی مقدار زیادہ ہونے سے جوڑوں میں چکنائی جمع ہوتی رہی۔ نتیجہ میں اب درد نے شدت اختیار کر لی۔ اب علاج یہ ہے کہ آپ جو بھی وظیفہ پڑھتی ہیں اسے فوراً چھوڑ دیں۔ کھانوں میں نمک نہ ہونے کے برابر استعمال کریں۔ رنگ اور روشنی سے علاج کے طریقے پر صبح شام سرخ شعاعوں کا دو دو اونس پانی ایک ماہ تک پئیں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔