Spiritual Healing

اللہ خوشرکھے

سوال: کافی عرصہ سے روحانی ڈائجسٹ پڑھ رہا ہوں۔ بصیرت افروز مضامین سے دل شاداب اور آنکھیں منور ہو جاتی ہیں۔ 

ہمارے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ میرے والدین پر بہت قرضہ ہے۔ ہمارا اپنا کوئی گھر نہیں ہے۔ کرائے کے مکان میں رہتے ہیں جس کا کرایہ بہت زیادہ ہے۔ میرے والدین چاہتے ہیں کہ ہمارا اپنا گھر ہو جائے اور ہمارا قرضہ بھی ادا ہو جائے۔ ہم چار بھائی ہیں۔ بھائیوں میں سے کسی کا دل پڑھنے میں نہیں لگتا۔ ہر وقت کھیلتے رہتے ہیں۔ میرے والدین کو جو تنخواہ ملتی ہے وہ سب قرضے کی نذر ہو جاتی ہے۔ میں نہم جماعت کا طالب علم ہوں۔ میرا پڑھائی میں بالکل دل نہیں لگتا۔ کوئی ایسا طریقہ یا وظیفہ بتائیں جس سے ہمارے مالی حالات اچھے ہو جائیں اور ہم چاروں بھائیوں کا دل پڑھنے کی طرف راغب ہو جائے۔

جواب: اپنی والدہ صاحبہ سے کہیں کہ اول و آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ 100بار ان اللّٰہ یرزق من یشاء بغیر حساب پڑھ کر دعا کیا کریں۔ یہ عمل ہر نماز کے بعد کریں اور آپ کے والد صاحب چلتے پھرتے یا حی یا قیوم پڑھیں۔ آپ سب بھائی پڑھائی میں دل لگائیں۔ پڑھ لکھ کر ہی تو آدمی معاشرہ میں مقام حاصل کرتا ہے اور اس کے اوپر معاش حاصل کرنے کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ میرا دل چاہتا ہے کہ آپ خوب پڑھیں اور بڑے آدمی بن کر مجھے خط لکھیں کہ میں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کر لی ہے۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آمین!


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلدچہارم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔