Topics
سوال: میں ایک غریب ماں باپ کی لڑکی ہوں۔ ہمارا کوئی بھائی بھی نہیں ہے۔ میرے ماں باپ بہت محنت سے مجھے پڑھا رہے ہیں وہ مجھے ڈاکٹر بنانا چاہتے ہیں۔ میری خود بھی ڈاکٹر بننے کی شدید خواہش ہے۔ میں اس لئے بہت محنت سے پڑھتی ہوں لیکن پھر بھی میرے پرچے اچھے نہیں ہوتے۔ میں نے اسی سال گیارہویں جماعت کا امتحان دیا تھا۔اس میں بھی میرے نمبر بہت کم آئے۔ آپ مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتا دیجئے جس سے میرے بارہویں جماعت میں بہت اچھے نمبر آئیں اور مجھے میڈیکل میں داخلہ مل جائے۔ میں مایوس نہیں ہوں۔
جواب: عشاء کی نماز کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ تین سو مرتبہ اَلْمَلِکُ الْقُدُّوْس پڑھ کر خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے امتحان میں کامیاب ہونے، حافظہ روشن ہونے، پڑھنے میں دل لگنے کی دعا کریں اور یہ عمل امتحان کا نتیجہ آنے تک جاری رکھیں۔
رات کا کھانا سرشام کھائیں۔ صبح سویرے بیدار ہونے کی عادت ڈالیں اور صبح بیداری کے بعد نہ سوئیں۔ بلکہ یاد کرنے کا کام کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔