Topics

روحانی اور جسمانی

سوال: روحانی ڈاک کا کالم پڑھا اس میں مجھ سے ملتا جلتا مسئلہ تھا۔ یعنی میرے چہرے پر بھی اور خاص طور پر ہونٹوں کے اوپر رواں بہت نمایاں ہے جو لڑکی کے چہرے پر بھلا نہیں لگتا۔ میں آپ سے پوچھنا یہ چاہتی ہوں کہ کیا میں بھی وہی روحانی طریقہ کر سکتی ہوں۔ اجازت مطلوب ہے۔

اور دوسری تکلیف یا مسئلہ یہ ہے کہ گذشتہ تقریباً 3سال سے میرے گلے میں سے بلغم آتا ہے جو صبح کے وقت یا جب میں منہ دھوتی ہوں یا غسل کرتی ہوں تو تکلیف زیادہ ہوتی ہے اور میرے سر میں پچھلی طرف اوپر کی سطح اونچی نیچی ہو جاتی ہے یعنی کبھی گڑھے سے پڑ جاتے ہیں کبھی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ ایسا تب ہوتا ہے جب بلغم زیادہ آتا ہے، اس کے بعد بے حد دماغی کمزوری بھی محسوس کرتی ہوں۔ میرے سر میں کچھ سفید بال بھی نمودار ہونے لگے ہیں۔ جبکہ میری عمر صرف 23سال ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ میرے مسئلے کا حل ضرور لکھیں مجھے اس بات سے بھی ڈر لگتا ہے کہ کہیں یہ مرض دائمی نہ ہو جائے۔ خدا کے لئے اس کے لئے دعا یا دوا جو بھی مناسب سمجھیں ضرور لکھیں۔ شکریہ۔ ہزاروں دوسرے انسانو ں کی طرح جو آپ کے لئے دعا گو رہتے ہیں میں بھی آپ کے لئے دعا گو ہوں۔

جواب: تکلیف کی اصل وجہ مسلسل دماغی پریشانی اور اعصابی دباؤ ہے۔ مسلسل اعصابی دباؤ کی وجہ سے نظام ہضم تلپٹ ہو جاتا ہے اور پھر کئی دماغی بیماریاں جسم کے اندر نشوونما پانے لگتی ہیں۔ آپ کے لئے روحانی اور جسمانی دونوں علاج ضروری ہیں۔ روحانی علاج میں ذہنی یکسوئی حاصل کرنے کے لئے عمل کریں اور ذہنی یکسوئی حاصل کرنے کے لئے مراقبہ نہایت کامیاب اور موثر عمل ہے۔ جسمانی اور مادی علاج الگ اور روشنی سے علاج کے طریقہ پر کریں۔ صبح شام 2۔2اونس شعاعوں کا پانی، 2,2اونس دونوں وقت کھانے سے قبل اور نارنجی شعاعوں کا تیل، سینہ پر پھیپھڑوں کی جگہ دونوں طرف دائروں میں مالش کریں۔ شعاعوں سے پانی بنانے کا طریقہ اور رنگین تیل تیار کرنے کا طریقہ شائع ہو چکا ہے۔ مطلوبہ وظیفہ کی بھی اجازت ہے۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلددوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔