Topics

میں روح کو دیکھتا ہوں

سوال: نو سال پہلے گھر کی بیٹھک میں ہوش و حواس کے ساتھ کھلی آنکھوں سے ایک سفید رنگ کا ہیولا دیکھا تھا جو کہ امی ابا کے بیڈ پر ٹانگیں چلا رہا تھا۔ جب سے میرے دل میں ڈر اور خوف بیٹھ گیا ہے، جب اکیلی ہوتی ہوں تو لگتا ہے کہ دیوار پھٹے گی اور کوئی نکلے گا اور میرا گلا دبا دے گا گھر میں اکیلی نہیں رہ سکتی اگر تمام گھر والے سو رہے ہوں اور میں جاگ رہی ہوں تو دماغ میں مردوں کا خیال آنے لگتا ہے، اندھیرے سے خوف آتا ہے، نماز پڑھتے ہوئے ڈر لگتا ہے تو نماز توڑ دیتی ہوں۔ اسی ڈر کی وجہ سے زیادہ دیر تک پڑھ نہیں سکتی خدارا مجھے اس ڈر سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات دلا دیجئے۔

جواب: دو ماہ تک تنہا نہ رہیں۔ اندھیرے کی بجائے روشنی میں رہا کریں۔ کھانوں میں نمک کی نسبت مٹھاس زیادہ استعمال کریں۔ 

رات کو سوتے وقت سیدھی لیٹ جائیں سینہ پر دونوں ہاتھ رکھ لیں اور تین مرتبہ کلمہ شہادت پڑھیں اس کے بعد آپ جس کروٹ سونا چاہیں سو جائیں۔ صبح بیدار ہونے کے بعد ناشتے سے پہلے کھلی جگہ بیٹھ کر ناک نتھنوں سے (منہ بند کر لیں) لمبے لمبے سانس لیں۔ گیارہ سانس لے کر منہ سے خارج کر دیں سانس کا عمل شمال رخ بیٹھ کر کریں علاج کی مدت چالیس روز ہے۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلددوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔