Spiritual Healing
سوال: چوٹ جس کو لگتی ہے درد محسوس کرتا ہے۔ کسی کو کیا پتہ کہ درد کیا ہوتا ہے ہمارا ایک بھائی ہے جو گھر کا واحد کفیل ہے۔ بری صحبت کی وجہ سے بگڑ گیا ہے اور نشہ آور گولیاں کھاتا ہے۔ جب گولیاں کھاتا ہے تو نشہ کی وجہ سے اس کا دماغ خراب ہو جاتا ہے اور بات بات پر گالیاں نکالتا ہے۔ اگر ہم سمجھائیں تو لڑنے مارنے پر آتا ہے۔
گھر کا ماحول خراب ہو کر رہ گیا ہے۔ خدا کے لئے آپ ہی کوئی حل بتائیں۔ ورنہ ہم پاگل ہو جائیں گے۔
جواب: قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔ آپ اپنے بھائی کی محبت میں قربانی دیں اور وہ اس طرح کہ جب آپ کا بھائی رات کو گہری نیند سو جائے تو دوسرے کمرے، ورانڈے یا صحن میں باوضو مصلے پر بیٹھ کر اول آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف کے ساتھ تین سو(300) مرتبہ روزانہ واما السائل فلا تنھر پڑھ کر آنکھیں بند کر کے بھائی کا تصور کر کے خیال ہی خیال میں اس کی پیشانی پر تین بار پھونک مار دیا کریں۔ عمل کی مدت کم سے کم چالیس اور زیادہ سے زیادہ نوے دن ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔