Spiritual Healing

بال جھڑتے ہیں

سوال: میں زندگی سے بہت مایوس ہو چکی ہوں۔ کبھی نماز باقاعدگی سے پڑھتی تھی اب کبھی کبھی پڑھتی ہوں۔ دعا تک نہیں مانگتی کہ میری دعا کہاں قبول ہو گی۔ معمولی شکل و صورت کی لڑکیوں کے لئے یہ دنیا جہنم سے کم نہیں۔ میں کبھی دعائیں مانگا کرتی تھی اب صرف موت مانگتی ہوں۔ خود کشی کا حوصلہ نہیں۔ جب تک خدا کو منظور ہے جینا پڑے گا۔ بہت سے مسائل ہیں صرف ایک مسئلہ لکھ رہی ہوں جس کی وجہ سے ساری رات نیند نہیں آتی سب کے سامنے جانے سے کتراتی ہوں۔ تقریباً دو سال پہلے تک میرے بال بالکل ٹھیک تھے پھر بال جھڑنا شروع ہو گئے۔ سامنے سے بال اتنے کم ہو گئے کہ سر میں بال جھڑنے سے دائرے بننا شروع ہو گئے ۔ اندر کے روگ تو انسان چھپا لیتا ہے کبھی کسی پر ظاہر نہیں ہونے دیتا۔ لیکن یہ کیسے چھپاؤں؟ یہ خط لکھتے وقت میری آنکھوں میں آنسو ہیں۔ آج پہلی مرتبہ آپ کے سامنے اپنا دکھ بیان کیا ہے۔ لڑکیوں کے لئے چھوٹی چھوٹی باتیں عذاب بن جاتی ہیں۔ اس دنیا کی نظر میں مجھ میں پہلے ہی بہت عیب ہیں۔

جواب: انڈے کے تیل پر 3مرتبہ سورۃ والیل پڑھ کر دم کر کے انگلی کی مدد سے بالخورے کی جگہ پر مالش کریں۔ مکمل شکایت رفع ہونے تک عمل جاری رکھیں۔ صابن سے سر نہ دھوئیں۔ کسی اچھے شیمپو یا آملے یا بیسن سے سر دھو لیا کریں۔

Topics


روحانی ڈاک ۔ جلددوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔