Spiritual Healing

عرش کے نیچے

سوال: عظیمی صاحب! ہم اپنے گھر میں 3بھائی اور ایک بہن کھانے والے ہیں۔ مگر گھر میں برکت نہیں ہے۔ گھر کا ہر فرد ایک دوسرے کو کاٹنے کو دوڑتا ہے۔ دو بھائیوں کا آپس میں بڑا اختلاف بھی رہتا ہے۔ ہر وقت پریشان رہتے ہیں۔ مہربانی فرما کر کوئی روحانی وظیفہ بتائیں۔

جواب: آپ سب حضرات و خواتین کے لئے میرا مشورہ ہے کہ آپ ہر وقت یا حی یا قیوم کا ورد کریں۔ ظہر کی نماز کے بعد ایک سو بار یا اللہ یا رحمان یا رحیم پڑھ کر پانچ منٹ تک آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں۔ بند آنکھوں سے یہ تصور کریں کہ ’’میں عرش کے نیچے ہوں اور میرا سر اللہ کے حضور جھکا ہوا ہے۔‘‘

اس مراقبے کو بلاناغہ تین ماہ جاری رکھیں۔ ساری پریشانیاں از خود دور ہو جائیں گی۔ خواتین ناغہ کے دنوں میں بھی یہ عمل کر سکتی ہیں۔ جو شخص بھی یہ عمل کرے اس کے اوپر لازم ہے کہ دوران عمل غصہ نہ کرے۔ ہر چھوٹے بڑے کے ساتھ نہایت نرمی اور شفقت کے ساتھ پیش آئے۔ کوشش کریں کہ حسب استطاعت کچھ نہ کچھ خیرات بھی ہوتی رہے۔ خیرات میں افضل عمل یہ ہے کہ بھوکے کو کھانا کھلائیں۔ پریشانیوں سے نجات، شادی میں رکاوٹ اور آپس میں اختلاف دور کرنے کے لئے جو صاحب بھی یہ عمل کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں میری طرف سے اجازت ہے جو صاحبان دماغی عارضہ میں مبتلا ہوں یا دماغی عارضہ میں مبتلا رہ چکے ہوں وہ اس عمل کو نہ کریں۔


Topics


روحانی ڈاک ۔ جلددوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔