Topics
بابا تاج الدینؒ وقت اور معمول کے پابند نہ تھے۔ واکی کا زمانۂ قیام ہو یا شکردرہ کا دورِسکونت۔ لوگ دیکھتے کہ باباصاحب ابھی ندی کے کنارے بیٹھے ہوئے ہیں تو کچھ دیر بعد جنگل میں کسی درخت کے نیچے تشریف فرماہیں۔
شکردرہ میں صبح چاربجے باباصاحب کی خدمت میں چائے پیش کی جاتی اوراس وقت سے لوگ آپ کے گرد جمع ہونا شروع ہو جاتے ۔ باباصاحب کبھی چائے پی لیتے ۔ کبھی کسی کو دے دیتے۔ کبھی کچھ پی کر باقی حاضرین کو عنایت کر دی جاتی۔ دن نکلنے کے بعد بابا صاحب اکثر محل سے باہر نکلتے ۔ شکردرہ محل کے باہر دکان دار، راجا کے نوکر اورزائرین اپنے اپنے کاموں میں مشغول رہتے لیکن ان کی منتظرنظریں وقفے وقفے سے محل کے دروازے کی طرف اٹھ جاتیں اور جوں ہی بابا صاحب محل سے باہر آتے، ایک شوربلند ہوتا کہ باباصاحب آرہے ہیں۔ مٹھائی والے مٹھائی لیکر دوڑتے ، پھول والے گجرے اٹھاکر بھاگتے اورزائرین بابا کے پیچھے پیچھے چل پڑتے۔ محبین پھول نچھاور کرتے رہتے۔ کوئی بڑھ کر گجراگلے میں ڈال دیتا۔ باباصاحب چلتے چلتے کسی مقام پر بیٹھ بھی جاتے۔ لوگ پھول اور مٹھائی پیش کرتے، کوئی نذر پیش کرتا۔ باباصاحب بڑبڑاتے ہوئے سائلین کو جواب دیتے رہتے۔ ہجوم کی وجہ سے بابا صاحب کا شفقت بھرالہجہ کبھی کبھی پیار بھری ڈانٹ میں تبدیل ہو جاتا۔خفاہوکر مار بھی دیتے لیکن فدائین پیچھا نہیں چھوڑتے تھے۔
بابا صاحب کبھی شہر کی طرف جاتے اور کبھی جنگل کا رخ کرتے۔ جنگل کی طرف پیدل بھی چل دیتے لیکن اکثر سواری پر جاتے تھے۔ سواری کے لئے بیل گاڑی با تانگہ ساتھ ہوتاتھا۔ لیکن زیادہ ترتانگے میں سفر کرتے تھے۔ باباصاحب محل سے نکل کر جب دور تک پیدل چلے جاتے تولوگ کوشش کرتے کہ کسی طرح باباصاحب تانگہ میں سوار ہو جائیں۔ ایسا بھی ہوتا کہ باباصاحب خود سواری طلب کرتے۔ ہیرالعل نامی کوچوان تانگہ حاضر کرتا۔ تانگے کے گھوڑے کانام باباصاحب نے بہادر رکھا تھا۔ باباصاحب تانگے میں سوار ہوجاتے تھے۔ بہادر گھوڑا باباصاحب کے اشارے کا منتظر رہتاتھا۔
جوں ہی باباصاحب کی زبان سے نکلتا"بڑھاؤ"گھوڑا خودہی سرپٹ دوڑنے لگتا۔ کوچوان کو باگیں کھینچنے اور دائیں یا بائیں اشارہ دینے کی اجازت نہ تھی۔ بہادر از خود سڑکوں اورجنگلوں کے راستوں پر دوڑتارہتا۔ جیسے ہی تانگہ شکردرہ سے نکلتا، زیارت وقدم بوسی کے لئے لوگوں کو ہجوم ہوجاتا۔ اورہجوم کے اکثرلوگ تانگے کے ساتھ دوڑتے رہتے۔ باباصاحب شہرکا گشت کرتے ۔ کسی کسی جگہ گاڑی رکواکر لوگوں سے ملاقات کرتے تھے۔ ہر جگہ رکنے میں کوئی رمز پوشیدہ ہوتاتھا۔ اکثر دور سے آئے ہوئے لوگ جو باباصاحب سے ملاقات کی متمنی ہوتے تھے اورملاقات کا موقع حاصل نہیں ہوپاتاتھا، باباصاحب ان سے ملتے تھے۔ ایسابھی ہوتا کہ کہیں رک کر مصیبت ردوں اورپریشان حالوں کو تسلی دیتے ۔
باباصاحب پیدل جنگل کا رخ کرتے تو لوگ کھانا اور چائے لے کر ساتھ جاتے۔ باباصاحب اکثر دوپہر کاکھانا جنگل میں کھاتے تھے۔ کبھی خود طلب کرتے اور کبھی وقت ہونے پرلوگ پیش کرتے۔ ہر شخص اپناتو شے دان کھول کر بابا صاحب کے سامنے پیش کرتا۔ باباصاحب کسی توشے میں سے کچھ کھا لیتے اور باقی کھانا زائرین میں تقسیم ہو جاتا۔ باباصاحب دال چاول شوق سے کھاتے تھے اور کبھی کبھی یہ شعر پڑھتے۔
دال چاول ہےپیڑکا پھول یہ نہ کھایا تو مٹی دھول
جنگل میں کئی کئی دن قیام رہتا۔ کبھی کسی گاؤں میں چلے جاتے اور کبھی گاؤں سے باہری رہتے۔ لوگ جنگل میں بھی باباصاحب کے ساتھ مقیم رہتے۔ دربار تاج الاولیاء کے آداب میں یہ بات شامل تھی کہ کوئی بغیر اجازت واپس نہیں جاتاتھا۔ بعض لوگوں کو ملاقات کے بعد ہی جانے کی اجازت مل جاتی اور بعض ہفتوں وہاں رہتے۔ حاضرین دربارموسم کی سختیاں اورمسافرت کے دن برداشت کرتے لیکن جانے کانام نہیں لیتے تھے۔
سوانح حیات بابا تاجُ الدین ناگپوریؒ
خواجہ شمس الدین عظیمی
عارف باﷲخاتون
مریم اماں
کے نام
جن کے لئے شہنشاہ ہفت اقلیم
حضرت بابا تاج الدین ؒ
کا ارشاد ہے:
"میرے پاس آنے سے
پہلے مریم اماں کی خدمت میں حاضری دی جائے۔"