Topics
اس نے شیخ سے مختلف سلاسل میں مخصوص ورد سے متعلق سوال کیا
تھا۔ جواب کی ابتداء انہوں نے زبان کی تعریف سے کی اور لفظوں سے ہوتے ہوئے زندگی
اور جن لہروں پر زندگی قائم ہےان کو بیان کیا۔ فرمایا۔۔
” دنیا میں
کوئی شے ایسی نہیں ہے جس کا تذکرہ کرنے کے لیے تعارفی نام نہ ہو۔۔۔ پرندہ ہو،
چوپایہ ہو یا کچھ بھی ہو، جب نام لیا جاتا ہے تو شے کی نسبت سے ذہن کی اسکرین پر
عکس نمودار ہوتا ہے۔ بار بار تذکرہ کیا جائے، اہمیت دی جائے، تفکر کیا جائے تو وہ
شے بھی ہماری طرح مخلوق ہے، اپنا تعارف خود کراتی ہے۔
لوگ سوال کرتے ہیں کہ مردوں کی نسبت خواتین وظائف زیادہ پڑھتی
ہیں اس سے کیا ہوتا ہے؟
کائنات میں ہر شے قانون کے دائرہ کار میں کام کرتی ہے۔ جب
ہم کسی شے کا تصور کرتے ہیں اس کے بارے میں سوچتے ہیں یا نام لیتے ہیں تو اس شے کا
تاثر ہمارے ذہن پر چھپ جاتا ہے۔مثلاً ہم کہتے ہیں پانی۔ پانی کا تاثر ذہن پر قائم
ہوتا ہے لیکن پیاس نہیں بجھتی۔پانی کی تلاش شروع ہو جاتی ہے۔ جب آدمی لگن ک ساتھ، یکسوئی کے ساتھ، قوت اردی کے ساتھ اور
مستقل مزاجی کے ساتھ کسی شے کو حاصل کرنا چاہتا ہے تو شے اسے مل جاتی ہے۔ لیکن شے ملنے
کے لیے ضروری ہے کہ شے کی صفات کا علم ہو۔ شے کی صفات کے علم سے مراد یہ ہے کہ وہ
شے فائدہ مند ہے یا نقصان پہنچانے والی ہے۔بھوک لگتی ہے ہم کھانے کی طرف متوجہ
ہوجاتے ہیں اور کھانا کھا لیتے ہیں یعنی کھانا کھانے کے خیال نے ایسی شکل اختیار
کر لی جس سے بھوک رفع ہو جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جسم میں جو کمی واقع ہوگئی تھی
وہ پوری ہوگئی۔ یہ سب لفظ کی کرشمہ سازی ہے۔ ایک بات آپ محبت سے کرتے ہیں اس کا
تاثر محبت ہی ہوتا ہے۔ دوسرا لفظ توہین
آمیز ہے ظاہر ہے اس کا تصور بے زاری اور ناگواری ہوتا ہے۔ جب آدمی کوئی لفظ
بولتا ہے وہ کہتا ہے آگ ، تو آگ کی جو صفات ہیں اس کا پٹارا کھل جاتا ہے ۔ اور جب
آدمی بولتا ہے گلاب۔۔۔ گلاب کی تازگی، خوش بو اس کو متاثر کرتی ہے اور اس طرح
متاثر کرتی ہے کہ ایک بھاری اور الجھے ہوئے ذہن کا آدمی ہلکا اور لطیف ہو جاتا ہے۔
اللہ
کی ذات کو بندے اس کی صفات سے جانتے ہیں جیسے رازق، مالک، زندگی عطا کرنے والا، اس
دنیا سے، اس دھرتی سے، دوسری دنیا میں لے جا کر رکھنے والا، اللہ کی صفات کا کوئی
احاطہ نہیں کر سکتا۔اللہ ہر شے پر محیط ہے۔ اللہ کے نام دراصل اللہ کی صفات کا
مظاہرہ ہیں۔ دنیا میں ہمیشہ سے دو پروگرام چل رہے ہیں۔قادر مطلق اللہ کا قرب اور
ابلیس لعین کی بغاوت۔ جب کوئی آدمی ابلیس کو یاد کرتا ہے تو بغاوت، نا فرمانی، بد
بختی اور جنت سے دوری کے تاثرات قائم ہو جاتے ہیں اور اتنا زیادہ غلبہ ہو جاتا ہے
کہ آدمی کو جنت کا خیال ہی نہیں آتا ، مہر لگ جاتی ہے۔
اللہ کے
تعارف کے لیے پیغمبروں کا سلسلہ قائم ہوا اور آخری نبی ؐ پر نبوت کا پروگرام پورا ہوگیا۔
رسول اللہ ؐ
نے صراط مستقیم کا جو پروگرام اپنی امت اور پوری نوع انسانی کو عطا کیا ہے
وہ یہ ہے کہ اللہ وحدہ لاشریک ہے،
خالق و مالک ہے، قادر و محیط ہے، ظاہر باطن ، اول آخر ہے۔ شیطان نافرمانی کا symbol ہے۔
نافرمانی اور بغاوت دو الگ الگ باتیں ہیں۔ بغاوت ناقابل
معافی جرم ہے۔ یہ ایسی بات نہیں ہے جس کی وضاحت کی جائے ، سب جانتے ہیں۔ یہ الگ
بات ہے کوئی اللہ کے ارشادات پر عمل کرے نہ کرے۔ “
وہ ہر طرف سے
ذہن ہٹا کر شیخ کی طرف متوجہ تھا۔لفظ ذہن کی اسکرین پر نقش ہو رہے تھے اور لہریں
دماغ کے خانوں سے ٹکرا کر اپنا مفہوم واضح کر رہی تھیں۔
شیخ فرمارہے
تھے کہ ” سلاسل دراصل روحانی درس گاہیں ہیں۔ زمانہ ، ترقی، تنزل ، ظاہر اور غیب کی
اسکرین پر قائم ہے۔ ظاہر ہے لیکن ظاہر کی بنیاد غیب پر ہے۔ ہر شے غیب و شہود کے
پردہ میں چھپ رہی ہے، ظاہر ہو رہی ہے۔ اس کی تشریح ضروری نہیں۔ اب آپ تھوڑا سا بھی
تفکر کریں گے تو دماغ کی اسکرین پر فلم آپ کو نظر آجائے گی۔ یہ سلسلہ کیا
ہے۔۔۔؟زمانہ کا مطلب ہی نشیب و فراز ہے۔ نشیب و فراز غائب ہونا اور ظاہر ہونا ہے۔
ظاہر اور غیب زندگی کے دو رخ ہیں۔ ایک رخ ظاہر ہوتا ہے تو دوسرا غائب ہو جاتا ہے۔
جو رخ غائب ہوتا ہے وہ ظاہر ہوجاتا ہے، ہر منٹ غائب ہورہا ہے اور دوسرے منٹ ظاہر
ہو رہا ہے۔ آدمی غیب سے ظاہر ہوا۔ ظاہر غیب کی سیڑھیاں چڑھتے چڑھتے آخری سیڑھی پر
پہنچا تو غائب ہوگیا۔یعنی جس طرح پیدا ہونے سے پہلے موجود تھا دنیا سے چلے جانے کے
بعد ، مرنے کے بعد غائب ہوگیا۔
زندگی کا
مقصد کیا ہے۔۔۔؟یہ ہے کہ معلوم ہونا چاہیئے کہ زندگی ہے کیا۔ زندگی اگر ہوش و حواس
عقل و خرد کا نام ہے، عقل و خرد گھٹتے بڑھتے۔۔۔ بڑھتے گھٹتے غائب ہو جاتی ہے۔ ہمیں نہیں پتہ کہ غائب
ہونے کے بعد اس کا کیا بنا۔ البتہ پیغمبران علیہم الصلوٰۃ والسلام اور آخری نبی محمد ؐ کی تعلیمات اس
معمہ کو بہت آسانی کے ساتھ سمجھاتی ہیں۔ ان مخفی علوم کو سمجھنے کے لیے اللہ کے
دوست اولیاء اللہ نے زمانہ کے نشیب و فراز کو دیکھتے ہوئے سمجھتے ہوئے اور اس
زمانہ میں رہتے ہوئے ایسی مشقیں اور اسباق تجویز فرمائے ہیں کہ جس علم کو سیکھ کر
آدمی حاضر غائب۔۔۔ غائب حاضر کو سمجھ سکتا ہے۔
سلاسل مختلف ہیں لیکن مقصد سب کا علم سکھانا
ہے۔ شعوری ارتقا کو سامنے رکھتے ہوئے رسول اللہ ؐ کے امتی اولیا ء اللہ نے اسباق
تجویز کیے۔ مقصد سب کا ایک ہی ہے کہ آدمی وہ تعلیم حاصل کرے جو فرماں برداری کے
مقام جنت کے حصول کا ذریعہ ہو اور بندہ دوزخ سے بچ جائے۔
سلسلہ
عظیمیہ میں سالک کے ذہن کو اللہ کی طرف متوجہ رکھنے کے لیے یا حی یا قیوم کا ورد
کرایا جاتا ہے تا کہ سالک کا ذہن ارادی اور غیر ارادی طور پر اللہ کی طرف متوجہ
رہے۔ یا حی یا قیوم کا مفہوم ہے کہ اللہ وہ ذات ہے جو وسائل کے ساتھ زندہ رکھتی
ہے۔ “ اتنا فرما کر مرشد کریم نے بات ختم کی اور مسکرا دیئے۔
بہت تفصیل سے انہوں نے ایک سوال میں کئی
سوالوں کا جواب دیا تھا۔ خامیوں کی نشان دہی کی جو من حیث القوم ہم میں پائی جاتی
ہے اور محفوظ رہنے کا راستہ بھی بتا دیا۔ یہ بات بھی سمجھ میں آئی کہ مخصوص اسم کے
ورد کا تعلق زمانہ اور حالات سے ہے۔ جیسے آج کے دور میں آدمی مادیت میں اس حد تک
گھر چکا ہے کہ یقین سے دور ہوگیا ہے۔ مصائب و انتشار سے محفوظ رہنے کے لیے سلسلہ
عظیمیہ میں یا حی یا قیوم کا ورد ہے تا کہ بندہ کا ذہن اللہ کی طرف رہے اور وہ
اپنے وسائل کے لیے غیر اللہ سے توقعات نہ
رکھے۔ یوں طرز فکر کیئر آف اللہ ہو کر بندہ کا اللہ سے تعلق قائم ہو جائے گا۔
اس نے عرض کیا۔۔۔ حضور! جو شخص بیعت نہیں وہ بھی یا حی یا قیوم کے ذکر سے
اتنے ہی فوائد حاصل کرتا ہے جتنا کہ سالک۔۔۔۔؟
فرمایا
،کیوں نہیں ، کوئی بھی کر سکتا ہے بس اس کو نسبت حاصل نہیں ہوگی۔ ذکر سے اسے فائدہ
ہوگا لیکن چوں کہ وہ بیعت نہیں اسے مرشد کا ذہن نہیں ملے گا۔ ذکر کا مقصد طرز فکر
منتقل کرنا ہے۔ بہر حال یہ اللہ کا اسم ہے۔ اور اس کا ذکر کوئی بھی کر سکتا ہے البتہ تعداد نہ گنی
جائے ورنہ وظیفہ بن جائے گا اور بغیر اجازت وظائف سے نقصان ہوتا ہے۔ یہ بات بھی
ذہن نشین رہے کہ ذکر کرتے وقت یاحی یاقیوم کا مطلب ذہن میں نہ ہو تو اثرات تو مرتب
ہوں گے لیکن ایسی صورت میں جس نے ذکر بتایا ہے اس کا ذہن منتقل نہیں ہوگا۔“
اسے ہر وقت اللہ کی
طرف متوجہ رہنے کی عادت نہیں تھی اس لیے ذکر کے دوران ذہن بار بار بھٹک جاتا، کسی
وقت مایوسی غالب ہونے لگتی لیکن خیال آتے ہی وہ لوٹ آتا۔ خیال نے تصحیح کی کہ تم
نہیں لوٹتے بلکہ یہ اللہ کی دی ہوئی توفیق ہے۔
جب
سے خیال کی زبان سمجھ میں آئی ہے ایسی ایسی غلطیوں کی نشاندہی ہوتی ہے کہ سارا دن
استغفار پڑھتے ہوئے گزر جائے تو دن ختم ہو جائے لیکن گناہ ختم نہ ہوں۔ خیال نے
توجہ دلائی ، اللہ کی رحمت کو دیکھ، اتنی خطاؤں کے بعد بھی ایسے نوازتا ہے جیسے تو
نے کبھی گناہ کیا نہ ہو۔۔ یہ ہے در گزر! اس کی رحمت ہمیشہ تیرے پلٹنے کی منتظر
رہتی ہے۔ صبح صادق کا وقت تھا۔اللہ کے
حضور عرض کیا کہ یا اللہ ! مجھے شر سے بچا کر ہمیشہ اپنی رحمت میں رکھ۔ یکایک ذہن
روشن ہوا اور لب پر وہ دعا آگئی جو اس کے
باپ آدم ؑ نے نا فرمانی کے نتیجہ میں جنت سے بے دخل ہونے پر مانگی تھی۔
” اے
ہمارے رب ! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا، گر آپ نے ہم کو نہ بخشا اور ہم پر رحم نہ
کیا تو ہم یقیناً نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔“( الاعراف : ۲۳)
سوچ رہا تھا غلطی اس وقت ہوتی ہے جب ذہن اللہ سے ہٹ کر کسی اور طرف متوجہ
ہو جائے۔ یہ تو دم غافل سو دم کافر والی بات ہے۔ ہر مرشد یہی سبق دیتا ہے جو حضرت
سلطان باہوؒ کو ان کے مرشد نے دیا۔
جو
دم غافل
سو
دم
کافر مرشد ایہہ
پڑھایا ہُو |
سنیا
سخن
گئیاں کھلھ
اکھیں
چت مولا ول
لایا ہُو |
کیتی
جان
حوالے
رب دے
ایسا
عشق کمایا
ہُو |
مرن تھیں ا َگے مر گئے باہو تاں مطلب نوں پایا ہُو |
جب اس کا ذہن بھاری ہوتا ہے وہ سمجھ جاتا ہے کہ غلطی کی ہے اور جب وہ اللہ
سے معافی مانگتا ہے تو دل ہلکا ہو جاتا ہے اور وہ سمجھ جاتا ہے کہ اللہ نے معاف کر
دیا ہے۔ اس نے سوچا کہ غلطی کا احساس ہونا کیا ہے۔۔۔؟ اندر سے آواز آئی۔۔۔ ضمیر نفی اثبات کی مشق
کرا رہا ہے۔
ذہن
کے دریچے کھولنے والا جواب تھا۔ وہ خاموشی سے قدرت کے نظام اور خیال کی سائنس پر
غور کرتا رہا۔ بہت کچھ ذہن میں آیا لیکن اس بار لکھا کچھ نہیں!
ایک بار بیٹھے بیٹھے خیال آیا کہ جب وہ مرشد کو یاد کرتا ہے تو کیا وہ بھی
یاد کرتے ہیں۔ یا پھر جب وہ اسے یاد کرتے ہیں تب وہ انہیں یاد کرتا ہے؟ عجیب ذہن
کو الجھا دینے والا سوال تھا۔ سارا دن کشمکش میں گزر گیا کہ مرشد مجھے یاد کر رہے
ہیں یا میں ان کو یاد کر رہا ہوں۔
جب ملاقات ہوئی تو ذہن میں موجود بات عرض کی۔
فرمایا ۔۔۔ ،” ایک روز مجھے خیال آیا جتنی محبت اپنے مرشد
سے میں کرتا ہوں، حضور کا کوئی مرید نہیں کرتا۔ دماغ میں یہ خیال بار بار آتا رہا
تو ایک روز حضور قلندر بابا اولیا ؒ نے فرمایا، خواجہ صاحب! یہاں بیٹھ جائیں۔
فرمایا ، آپ نے لوہا دیکھا ہے؟
میں نے عرض کیا، جی
دیکھا ہے۔
پھر فرمایا ، مقناطیس بھی دیکھا ہے؟
عرض کیا، حضور مقناطیس بھی دیکھا ہے۔
پوچھا، کبھی یہ بھی دیکھا ہے کہ لوہے نے مقناطیس کو کھینچ
لیا ہو؟
عرض کیا، نہیں دیکھا۔
فرمایا، پھر مرید اپنے مراد سے کیسے محبت کر سکتا ہے۔۔؟
مرید لوہا ہے
اور مراد مقناطیس۔ مرید اپنے مراد سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے جب کہ لوہا مقناطیس کو نہیں کھینچ سکتا۔ حقیقت یہ ہے
کہ مراد مرید سے محبت کرتا ہے۔ محبت کا
عکس جب مرید کی ذات میں داخل ہو جاتا ہے تو مرید سمجھنے لگتا ہے کہ میں اپنے مراد
سے محبت کرتا ہوں۔ روحانی زندگی مسلسل امتحان ہے۔ ایسا امتحان جس کا نتیجہ بھی
سامنے نہیں آتا اور یہ بھی احساس نہیں ہوتا کہ ہم امتحان گاہ میں ہیں۔ اندھا کھاتا
ہے ۔ اس کھاتے کی مرشد کے سوا کسی کو ہوا بھی نہیں لگتی۔“
کلاس میں
ریڈنگ کے دوران ایک مقام پر مرشد کریم نے روکا اور فرمایا کہ ” ان سطروں کو تین بار پڑھو اور تقریر کرو۔“
یہ سنن تھا کہ اوپر کا سانس اوپ اور نیچے کا نیچے رہ گیا کہ مرشد کے سامنے تقریر؟
مرشد شفیق ۔۔۔ بہت شفیق ہیں۔ سخاوت کا سمندر ، جو کہیں سے شروع ہوتا ہے اور نہ
کہیں ختم! شیخ کا مقام ایسا ہے کہ ادب۔۔۔ با ادب ہونے کا تقاضا کرتا ہے۔
حلیم
و کریم مرشد نے فرمایا ، ” بسم اللہ پڑھ کر شروع کرو، اللہ مدد کرے گا۔“
لہجہ اتنا
پر زور تھا کہ اس نے پھر کچھ سوچا نہیں تقریر کیسے ہوگی اور وہ کیا کہے گا۔ بسم
اللہ پڑھ کر تقریر شروع کر دی۔۔۔ اور اللہ نے مدد کی۔ اس دن کے بعد تقریر کرتے
ہوئے خوف محسوس نہیں ہوا۔ بس وہ ڈائس پر آتا، مرشد کریم کے الفاظ دل میں دہراتا،
اللہ سے مدد مانگتا اور بسم اللہ پڑھ کر
شروع ہو جاتا۔ پہلا لفظ کیا ادا ہوتا کہ ہر کیفیت ، حاضرین اور منظر ثانوی ہو
جاتا۔ محسوس ہوتا تو صرف یہ کہ اللہ کے حکم سے مرشد اس کی مدد فرما رہے ہیں ۔ کتنی
ہی مرتبہ ایسا ہوتا کہ ہزاروں کا مجمع نظروں سے اوجھل ہو جاتا۔ اور وہ دیکھتا میں
اکیلا بول رہا ہوں۔۔ میں نہیں بول رہا ہوں، میرا اندر بول رہا ہے۔
بارہ سال پہلے جمعہ
کے دن جب وہ خود کو سپرد کرنے آیا تو نہیں جانتا تھا کہ مرشد اور مرید کا تعلق کیا
ہے ۔۔۔؟ جانتا تھا تو بس اتنا کہ وہ اللہ والے ہیں۔ بیعت کے لیے ان کی خدمت میں
بیٹھا۔ آنسوؤں کا چشمہ تھا جو ابل پڑا۔ آنکھیں بند کیں کہ کسی طرح سے آنسو رکیں۔
خیال آیا اور
پھر اس نے آنسو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
خیال نے کہا ۔۔ تو
خود کو اللہ کے دوست کے سپرد کرنے آیا ہے۔ یہ آنسو تیرے گناہوں سے تر دامن کو پاک
کرنے کے لیے ہیں، من کی کثافت کو دھو رہے ہیں۔ انہیں بہنے دے !
شیخ نے حکم
دیا ، ” دایاں ہاتھ دل پر رکھو ۔ “ اس نے
تعمیل کی۔
اور پھر شیخ نے بیعت
کرنے کے لیے اس کے سر پر ہاتھ رکھا۔
آنسو
یکایک بند ہوگئے، وقت رک گیا، دنیا ٹھہر گئی اور ہر شے تھم گئی۔
وہاں
موجود تھی تو صرف ایک ہستی۔۔۔۔ دل نے گواہی دی بس یہی مراد ہے۔