Topics
رات اور دن
ایسا موضوع ہے جس پر وہ دو سال سے غور کر رہا ہے لیکن رات اور دن کے اسرار و رموز
پوری طرح سمجھ میں نہیں آئے۔دن میں روشنی پھیلتی ہے اور رات میں تاریکی غالب اجاتی
ہے۔ روشنی پھیل کر وقت کی رفتار کو کم۔۔۔ سمٹ کر رفتار بڑھا دیتی ہے۔ روشنی کے
سمٹنے کو لوگ تاریکی کہتے ہیں۔ حالا ں کہ اس تاریکی میں روشنیوں کے جہان آباد ہیں۔
ہر جہان میں لاشمار روشنیاں ہیں۔
رات کیسے دن بنتی ہے اور دن کس طرح رات
میں داخل ہوتا ہے۔ ذہن میں مناظر بنتے ہیں جس میں رات رنگ ہے۔ اس رنگ کو پھیلایا
جائے اس حد تک کہ سیاہی ختم ہو جائے۔ہم اس دن کو کہتے ہیں۔ دن بھی رنگ ہے۔ خیال نے
ٹوکا ۔۔۔ ہر شے اللہ کی صفت پر قائم ہے اور اللہ کی صفت ہمیشہ باقی رہتی ہے۔ اس
لیے دنیا میں کوئی چیز ختم نہیں ہوتی۔ جذب ہو جاتی ہے۔ سیاہی ختم نہیں ہوئی مغلوب
ہے۔وہ اس طرح کہ جب پھیلی ہوئی تصویر کا حجم ( سائز) کم کیا جائے تو تاریکی نمایاں
ہوتی ہے۔ اگر وہ ختم ہو گئی تھی تو پھر نمایاں کیسے ہوئی۔۔دن کے بعد واپس رات کیسے
آگئی۔۔۔؟ ذہن پر بار پڑنا شروع ہوا۔ اندر موجود فلم کو الفاظ میں بیان کرنا نہیں آ
رہا تھا۔ آنکھیں بند کر کے دیکھا۔ اندر تاریکی اور تاریکی میں تصویریں موجود تھیں۔
لکھنا شروع کیا۔۔۔ سیاہ رنگ کو ہلکا
کیجیے، ہلکا کرتے کرتے آخر میں سفید ہو جائے گا۔ تاریکی کا غالب ہونا سفیدی کا جذب
ہونا ہے۔سفیدی کا غالب ہونا تاریکی کا جذب ہونا ہے۔
لاشعور نے کہا کہ بات quality اور quantity کی ہے۔ کوالٹی
اور کوانٹیٹی کے بارے میں سوچا تو تجلی درجہ بہ درجہ خیال بنی اور اس نے سمجھا کہ
تجلی quality ہے۔۔۔quality سے quantity بنتی ہے۔
تجلی ۔۔۔ نور۔۔۔ روشنی ۔۔۔ سب زون ہیں۔ ہر
زون ایک وجود۔۔۔ وجود کے دو رخ ہیں۔
وجود۔۔۔مطلق ہے
اور مطلق کے دو رخ ۔۔۔ مفرد اور مرکب ہیں۔ مطلق quality ہے اور اس کے رخ quantity ہیں۔
بات دن رات اور ذہن میں موجود تصویروں کی
عکس بندی سے شروع ہوئی تھی۔ اسکرین پر ایک عکس اور بنا۔ عکس نے دیکھا۔رات کے اجزا
دن میں موجود ہیں لیکن اس طرح پھیلے ہوئے ہیں کہ جب تک ان میں فاصلوں کو ختم نہ
کیا جائے، نظر نہیں آتے۔ دن رات میں سمٹ رہا ہے ۔ اتنا ہی دیکھا تھا کہ ذہن میں
سوال آیا۔ اگر دن اس آہستگی سے رات میں سمٹتا ہے تو پھر بجلی کڑکنا اور اس روشنی
میں دن رات کا منظر کیا ہے۔۔۔؟بجلی کڑکنے کے دوران رات دن اور دن رات میں اس تیزی
سے داخل ہوتا ہے کہ وقت کا شمار نہیں۔ ذہن سن ہو جاتا ہے کہ یہ کیا ہے اور جسے میں
دن رات سمجھتا ہوں وہ کیا ہے۔۔۔؟ لگتا ہے کہ دن رات تیزی سے ایک دوسرے میں داخل
ہوتے رہتے ہیں لیکن ذہن کی رفتار اتنی سست ہے کہ اس کومنظر آہستہ دیکھتا ہے۔
خود سے پوچھا۔۔ جو فاصلے میں نے بنائے ہیں
وہ کیا ہیں اور ان فاصلوں میں گزرتی ہوئی زندگی کیا ہوئی۔۔؟
ذہن ماؤف ہو
گیا۔ آنکھیں بند کیں ایک بار پھر دن اور رات فلم کی صورت سامنے تھے۔ دن رات میں
سمٹ رہا ہے اور سمٹ کر سیاہ روشنی کا گولا بن گیا ہے۔ سیاہ گولے کے اندر روشنیاں
ہی روشنیاں ہیں۔ اندھیروں میں رہنے کی عادت ہے، روشنی سے موافقت نہیں اس لیے
آنکھیں چندھیا گئیں۔ رات کی دنیا کیسی ہے، دیکھ نہیں سکا۔ مگر یہ احساس ضرور ہوا
کہ جب خیال یہاں تک لے آیا ہے تو ایک وقت آئے گا کہ رات دن کیا ہے، اس کا انکشاف
ہوگا۔
وہ بے جہت آسمان اور تاحد نگاہ پھیلی زمین
کو دیکھتا ہے تو ہر عکس میں مرشد کی تصویر نظر آتی ہے۔ آنکھیں بند اس لیے کرتا ہے
کہ اندر مرشد کو دیکھے، باہر اس لیے دیکھتا ہے کہ مرشد نظر آئیں۔ مسکراتا ہے تو
موجود پاتا ہے اور روتا ہے تو آنسو پونچھنے والا کوئی اور نہیں مرشد ہیں۔جب اس نے
یاد کیا ہے۔ محبوب کو حاضر اور خود کو ان کے حضور پایا ہے۔ قریب و بعد کا فرق ختم
ہو گیا ہے۔
خیال میں گم تھا کہ چونک گیا۔ کچھ دیر
اندر کی آواز سنی اور پھر لکھا۔۔۔ قرب و بعد کا فرق بہت حد تک ختم ہو گیا ہے۔ خیال
نے پوچھا۔۔۔ بہت حد تک کا کیا مطلب۔۔۔؟
اس نے کہا، ” میں“ کہیں نہ کہیں باقی ہے۔
جب ” میں “ سر اٹھاتی ہے تو پھر محبوب نظر نہیں آتا۔
فنائیت کا
مسافر ہوں، نہیں معلوم منزل ہے کہاں۔۔۔؟ وسوسوں سے متا ثر ہو جاؤں تو بے یقینی سر
اٹھاتی ہے۔ محب کہا جائے یا محبوب، اگرچہ کہیں نہیں گیا۔ میں جہاں ہوں میرے ساتھ
ہے۔ جب یہ احساس قوی ہو کہ ساتھ ہے تو پھر میں نہیں ہوں۔ جب میں نہیں ہوں تو پھر
کیا ہے۔۔۔؟ روح بے چین ہے کہ فراق کی گھڑیاں قیامت ہیں۔ ذرّہ ذرّہ وصل کے لیے بے
تاب ہے۔ میر تقی میؔر کہتے ہیں،
دیکھ تو دل کہ جاں سے
اٹھتا
ہے
یہ دھواں سا کہاں سے
اٹھتا
ہے
بیٹھنے
کون
دے ہے پھر اس
کو
جو
تیرے آستاں
سے اٹھتا
ہے
یوں اٹھے آہ!
اس گلی سے
ہم
جیسے
کوئی جہاں
سے اٹھتا
ہے
نالہ
سر
کھینچتا
ہے جب میرا
شور
اک
آسماں سے
اٹھتا
ہے
عشق اک
میؔر
بھاری
پتھر
ہے
کب
یہ
تجھ
ناتواں سے
اٹھتا
ہے
ماسوا محبوب کے
ذکر کے وہ ہر ذکر بھول گیا۔ جس شے پر نظر پڑتی ہے، ربط صاحبِ دل سے جوڑ دیتا ہے۔
جہاں ہوتا ہے ۔۔۔۔ ”مشہود“ کو ”شاہد“ پاتا ہے۔
مرشد کریم قرآن کریم میں غور و فکر کرنے
کی تاکید کرتے ہیں۔۔۔ اس نے قرآن کریم سے دوستی کر لی ہے۔ صرف پڑھتا نہیں ہے۔۔۔غور
کرتا ہے اور پھر جو سمجھا ان کو بتاتا ہے۔ اگر کبھی کسی وجہ سے بتانے کا موقع نہ
ملے تو ذہن میں موجود سوالوں کے جواب صاحبِ علم اپنی گفتگو میں دے دیتے ہیں۔ ان کے
دیئے ہوئے اسائنمنٹ پر عمل کیا جائے تو ذہن کی گرہ کھلتی ہے اور جواب کی جس حد تک
پہنچانا ہے۔۔۔ واضح کر دیتے ہیں۔
ایسی تحریر لکھنے کو دی جائے جس میں مرشد
کا ذکر نہ ہو، مشکل میں پڑ جاتا ہے۔کئی دن سوچ بچار میں گزرتے ہیں لیکن لکھنے کے
لیے سرا ملتا ہے نہ ذہن میں خاکہ بنتا ہے۔ بالآخر تصور میں گم ہو کر محبوب کے حضور
بیٹھتا ہے۔۔۔ اور پھر قلم چلتا ہے اور وہ قلم کو چلتے دیکھتا ہے۔ جب تک زمین و
آسمان کی موجودات میں صاحبِ دل کو نہ دیکھے۔۔۔ سوچ نہیں سکتا۔۔۔ لکھ نہیں
سکتا۔۔۔بول سکتا۔
مرشد کریم کہہ رہے تھے اور وہ لکھ رہا
تھا۔۔۔” آسمانی کتابیں اور قرآن کریم کی تعلیمات بتاتی ہیں کہ شعور اور لاشعور
زندگی کے دو رخ ہیں اور یہ دونوں رخ الٹ پلٹ ہوتے رہتے ہیں ایک دوسرے کے تعاون کے
ساتھ۔“
اتنا فرما کے
رکے۔
اگلے جملے کا منتظر تھا کہ انہوں نے پوچھا
، ” اس کا مفہوم کیا ہے۔۔۔؟ “ وہ سٹپٹا گیا۔
عرض کیا، ایک رخ غالب اور دوسرا مغلوب
”مفہوم پوچھ رہا ہوں، تعاون کا مطلب کیا
ہے۔۔۔؟“
حضور۔۔۔۔ ربط ہے دونوں میں۔
بات پر زور دے کر فرمایا، ” مفہوم پوچھ
رہا ہوں تعاون کا مطلب کیا ہے، کیوں لکھوایا ہے میں نے۔۔۔؟“ وہ سوچ میں پڑ گیا۔
وہ غور کررہا تھا اور وہ اسے بغور دیکھ
رہے تھے۔
عرض کیا، بات مشکل ہے۔
فرمایا ، ،” یہ کیا بات ہوئی۔۔۔۔؟“
آپ بتا دیں، میری سمجھ میں نہیں آرہا۔
الفاظ پر زور دیتے ہوئے فرمایا ، ” تعلق
قائم ہے دونوں میں۔ ایک دوسرے میں داخل ہوتے ہیں لیکن ربط نہیں ٹوٹتا۔ اگر ربط ٹوٹ
گیا تو۔۔۔۔؟“
دونوں وجود ختم ہو جائیں گے۔
” نہیں! جو رخ تابع ہے وہ ختم ہوگا ،source ختم نہیں ہوگا۔ اصل باقی رہے گی۔ لاشعور، شعور
کو فیڈ نہ کرے تو۔۔۔؟“
شعور میں حرکت نہیں ہوگی۔
”لاشعور۔۔۔؟ “
وہ رہے گا اس لیے کہ وہ source ہے۔
فرمایا ، ” بجلی کی مثال سے سمجھو ۔ گرڈ اسٹیشن
سے لائٹ آتی ہے، بٹن آن کرتے ہیں تو بلب روشن ہوتا ہے، لائٹ موجود ہے لیکن بجلی نہ
آئے تو۔۔۔۔؟“
بلب روشن نہیں ہوگا۔
” حالاں کہ بجلی ہے۔ اب بلب کا وجود بے
معنی ہے ۔“ مزید فرمایا، ” اکثر ایسی باتیں سامنے آجاتی ہیں کہ ذہن کو جھٹکا لگتا
ہے اور آدمی حیران ہوتا ہے جب کہ بات معمولی ہوتی ہے۔“
پوچھا ، غور نہیں کرتے اس لئے۔۔۔؟
فرمایا ، ” ہاں
! غور کریں گے تو سمجھ آجائے گا۔ جو کہا گیا ہے، وہ سمجھنے کا زاویہ ہے۔ ہر چھوٹی
سے چھوٹی بات خواہ اس کی آپ کے نزدیک اہمیت ہو یا نہ ہو، اس پر تفکر کرو۔“
کتنی باتیں ہم سرسری طور پر پڑھ کر اور سن
کر گزرجاتے ہیں لیکن معنی و مفہوم پر غور نہیں کرتے۔ کسی صاحب کو خط کا جواب دیتے
ہوئے مرشد کریم نے فرمایا تھا کہ” زندگی نام ہے مرمر کے جئے جانے کا۔“ ہم اسے
محاورتاً بولتے ہیں لیکن انہوں نے اس کی تفصیل میں ” غیب ظاہر غیب“ کا قانون بیان
فرمایا۔ بات یہیں پر ختم نہیں کی بلکہ پوچھا کہ جب غیب ظاہر غیب زندگی کی equation ہے تو پھر زندگی کیا ہے۔۔۔؟
اس نے سوچا آخر زندگی ہے کیا۔۔۔؟ کون ہے جو ہوتا ہے لیکن غائب ہوتا ہے اور پھر
ظاہر ہو جاتا ہے۔ اگر وہ ہے تو اس کا غائب ہونا کیا ہے اور غائب کا ظاہر ہونا کیا
ہے۔۔؟ ساری کائنات غیب ظاہر ظاہر غیب۔۔۔ غیب ظاہر غیب کی equation پر قائم ہے۔ جب سب غیب کا ظہور ہے تو پھر غیب کو
غیب کیوں کہتے ہیں۔۔۔؟ غیب ظاہر غیب کو سمجھے بغیر جس وجود کا نام زندگی ہے،
سمجھنا ممکن نہیں۔ سوال اتنے ہیں کہ ہر جواب۔۔۔ نیا سوال ہے۔
ایک روز عرض کیا ، سر ! جس شے پر غور کروں
، گھوم پھر کر بات وقت پر آجاتی ہے۔ وقت پر غور کرتا ہوں تو رات اور دن میں الجھ
جاتا ہوں۔ دو سال سے رات اور دن پر غور کر رہا ہوں لیکن۔۔؟ آپ پردہ اٹھایئے۔
فرمایا ، ” بات کچھ بھی نہیں ہے۔ پیدا
ہونا یا ظاہر ہونا، آنکھوں سے اوجھل ہونا اور پھر ظاہر ہونا، غیب سے آئے ، ظاہر
ہوئے، غیب کا پردہ آگیا، پھر زندگی کیا ہے۔۔۔؟ “
یہ
فرما کر وہ رک گئے۔ کچھ دیر بغور اسے دیکھا۔۔۔ آنکھوں میں گہری مسکراہٹ تھی۔