Topics

خواب اور بیداری کے حواس

انسان شعوری کیفیات میں ہو یا لاشعوری کیفیات میں ہو مسلسل حرکت کرتا رہتا ہے۔ جب زمان و مکان کی پابندی ہوتی ہے تو زندگی بیداری ہے اور جب مکان کی گرفت ٹوٹ جاتی ہے اور زمان کی گرفت کشش ثقل سے آزاد ہوتی ہے تو زندگی نیند ہے۔ طبیعت اس بات کی عادی ہے کہ وہ آدمی کو سلا کر لاشعوری کیفیات کو بیدار کر دیتی ہے اور طبیعت اس بات کی عادی ہے کہ آدمی کو جگا کر لاشعور کو سلا دیتی ہے۔ لاشعور سو جاتا ہے تو شعور بیدار ہوتا ہے اور شعور سو جاتا ہے تو لاشعور بیدار ہو جاتا ہے۔ قرآنی تعلیمات میں دن کو ’’نہار‘‘ اور رات کو ’’لیل‘‘ کہا گیا ہے۔ علم غیب یا غیب کی دنیا رات کے حواس اور علم دنیا یا علم مظاہر دن کے حواس ہیں۔ خواب کے حواس ہوں یا بیداری کے حواس دونوں میں تقاضے یکساں ہیں بیداری میں حواس زمان و مکان کے پابند ہیں۔ اور نیند کے حواس زمان و مکان کے پابند نہیں ہیں۔

آفاق سے نور کی لہریں آتی ہیں۔ انسان کی روح انہیں جذب کرتی ہے اس لئے کہ نور ہی نور کو جذب کرتا ہے۔ روح ایک مصفی جسم ہے۔ یہ تصوراتی شئے نہیں ہے۔

لہریں کیمیائی اجزاء کی صورت اختیار کر لیتی ہیں تو دماغ بن جاتی ہیں۔ دماغ کے اندر اربوں خلئیے ہیں۔ روح کی یہی لہریں دماغ کے اربوں خلیات میں تقسیم ہو جاتی ہیں لیکن تمام لہریں دماغ کو نہیں ملتیں۔ جتنی لہریں روح کے لئے ضروری ہوتی ہیں وہ روح میں پیوست رہتی ہیں اور جتنی لہریں دماغ کے لئے ضروری ہیں وہ دماغی اجزاء بن جاتی ہیں۔ انہی اجزاء سے دماغ تشکیل پاتا ہے۔

سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی عمر شریف تریسٹھ سال ہوئی۔ تئیس سال تک وحی نازل ہوئی۔ ابتدائی چھ ماہ خواب نظر آتے رہے۔ چھ ماہ کو تئیس سال سے وہی نسبت ہے جو ایک کو چھیالیس سے ہے۔ رسول اللہﷺ کے ارشاد کے مطابق خواب بھی ایک قسم کی وحی ہے۔ رسول اللہﷺ کا ارشاد ہے!

’’بشارتوں کے سوا نبوت کی کوئی خبر باقی نہیں رہی۔‘‘

صحابہ کرامؓ نے پوچھا۔ یا رسول اللہﷺ بشارتوں سے کیا مراد ہے؟

آپﷺ نے فرمایا! ’’سچا خواب‘‘

٭٭٭٭٭


Topics


محمد رسول اﷲ ۔ جلد سوم

خواجہ شمس الدین عظیمی

قرآن کریم میں اﷲ تعالیٰ نے جو کچھ ارشاد فرمایا ہے اس میں کوئی سورہ، کوئی آیت اور کوئی نقطہ مفہوم و معانی سے خالی نہیں ہے۔ اﷲ کے علوم لامتناہی ہیں۔ اﷲ کا منشاء یہ ہے کہ ہم لوگوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر خود بھی قدم بڑھائیں اور اﷲ کی نعمتوں کے معمور خزانوں سے فائدہ اٹھائیں۔ قرآن پاک میں انبیاء سے متعلق جتنے واقعات بیان ہوئے ہیں ان میں ہمارے لئے اور تمام نوع انسانی کیلئے ہدایت اور روشنی ہے۔ کتاب محمد رسول اﷲ۔ جلد سوئم میں عظیمی صاحب نے مختلف انبیاء کرام کے واقعات میں روحانی نقطۂ نظر سے اﷲ تعالیٰ کی حکمت بیان فرمائی ہے۔