Topics

سعی کے سات پھیرے اور سات خصوصی دعائیں

سعی کی ادائیگی صفا اور مروہ کے درمیان سات پھیرے کرنے پر مشتمل ہے۔ سعی کی جو دعائیں آگے آ رہی ہیں وہ سعی میں ضروری اور لازمی نہیں ہیں اور ہرگز سعی کا لازمی حصہ نہیں۔ اگر کسی کو یہ دعائیں نہ آتی ہوں یا وہ جان بوجھ کر بھی نہ پڑھے تو فکر کی بات نہیں اس کی سعی میں کوئی خلل نہ آئے گا لیکن اگر کوئی یہ دعائیں مانگنا چاہے تو اس کے واسطے لکھی جا رہی ہیں۔ کوئی عربی میں نہ مانگ سکے تو اردو میں مانگ لے اس میں کوئی حرج نہیں ہے اور اس کی سعی میں کوئی خلل نہ آئے گا۔ یاد رکھیں کے سعی کے درمیان آپ جو کچھ بھی پڑھ سکتے ہیں جو آپ کو آتا ہو اور اپنے دل میں اپنی زبان سے جو بھی مانگنا چاہتے ہوں وہ مانگتے رہیں حتیٰ کہ کسی اچھے کلمے کا ورد بھی کیا جا سکتا ہے۔

صفا اور مروہ پر دعا

مندرجہ ذیل دعا صفا پر پڑھیں اور جب مروہ پر پہنچ جائیں تو مروہ پر بھی یہ دعا پڑھیں۔ اسی طرح ہر پھیرے پر صفا اور مروہ پر یہ دعا پڑھیں۔

لَآ اِلٰهَ اِلاَّ اﷲُ وَحْدَهُ لَاشَرِيْکَ لَهُ لَهُ الْمُلْکُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَعَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِيْر سُبْحَانَ اﷲِ وَالْحَمْدُ ﷲِ وَلَآ اِلٰهَ اِلَّا اﷲُ وَاﷲُ اَکْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاﷲِ الْعَلِيِ الْعَظِيْمِ لَا إلَهَ إِلاَّ اﷲُ وَحْدَه، وَصَدَقَ وَعْدَه، وَنَصَرَ عَبْدَه، وَأَعَزَّ جُنْدَه، وَهَزَمَ الْأَحْزَابَ وَحْدَه،اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰ اٰلِه وَاصَحْابِه وَأَتْبَاعِه إِلٰی يَوْمِ الدِّيْنِ، اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ  وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ: اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کے لئے تمام تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے، اللہ پاک ہے اور سب تعریف اللہ ہی کے لئے ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ سب سے بڑا ہے۔ نیکی کرنے کی طاقت اور گناہ سے بچنے کی توفیق صرف اللہ کی مدد سے ہی ہے جو بلند شان اور عظمت والا ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اکیلا ہے۔ اس نے اپنے وعدے کو سچا کر دیا اور اپنے بندے کی مدد کی اور اس کے لشکر کو غالب کیا اور اس اکیلے نے تمام گروہوں کو شکست دی اور قیامت تک اللہ کی رحمتیں اور سلامتی جو ہمارے سردار حضرت محمدﷺ پر، آپ کی آل پاک پر، صحابہ کرامؓ اور پیروی کرنے والوں پر، اے اللہ مجھے بخش دے اور میرے ماں باپ کو بخش دے اور سب تعریف اللہ کے لئے جو تمام جہانوں کا پالنے والا ہے۔

میلین اخضرین (یعنی سبز ستون)

سعی کے دوران جب آپ صفا سے مروہ کی طرف چلیں تو صفا سے اپنی رفتار سے اتریں۔ راستے میں کچھ ہی دور جانے کے بعد دو سبز ستون نظر آئیں گے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں سے حضرت ہاجرہؓ ننھے اسماعیلؑ کے نظروں سے اوجھل ہو جانے کے سبب دوڑ کر گزری تھیں۔ یہ حصہ نشیب میں تھا۔ لہٰذا ان ستونوں کے درمیان ساتوں پھیروں میں صرف مردوں کو دوڑنا چاہئے کہ رسول اللہﷺ نے ایسا ہی کیا ہے۔ سبز ستونوں کے درمیان سعی میں عورتوں کو نہ دوڑنا چاہئے، ستونوں کے درمیان دوڑنے میں رمل کی نسبت ذرا تیز چلیں اور سواری پر ہوں تو سواری کو تیز کر دیں۔

سبز ستونوں کے درمیان دوڑنے کے علاوہ بقیہ سعی عام رفتار سے کریں اور مروہ تک اپنی چال سے چڑھیں۔ واپسی میں بھی سبز ستونوں کے درمیان دوڑیں اور صفا پر اپنی چال سے چڑھیں اسی طرح سعی مکمل کریں۔

مروہ پر پہنچیں تو یہاں سب عمل اسی طرح کریں جس طرح صفا پر کئے تھے اور وہی دعائیں پڑھیں جو صفا پر پڑھی جاتی ہیں اور اسی طرح تمام عمل کریں اور درود شریف پڑھیں۔


Topics


روحانی حج وعمرہ

خواجہ شمس الدین عظیمی

چار ابواب پر مشتمل اس کتاب کے باب اول میں تمام مقدس مقامات کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ باب دوئم میں حج وعمرہ کا طریقہ اورباب سوئم میں اراکین حج وعمرہ کی حکمت بیان کی گئی ہے۔جب کہ باب چہارم میں چودہ سوسال میں گزرے ہوئے اورموجودہ صدی میں موجود ایسے مردوخواتین بزرگوں کے مشاہدات وکیفیات جمع کئے گئے ہیں جن کو دوران حج وعمرہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا فیض حاصل ہوا ہے اورجن خواتین وحضرات  کو خالق اکبر ، اللہ وحدہ لاشریک کا صفاتی دیدارنصیب ہوا۔