Topics

سعی کی مکمل دعائیں اور نیت

آب زم زم سے فارغ ہونے کے بعد اگر طواف احرام کی حالت میں عمرے کا کیا ہو تو حجر اسود کا نواں استلام کریں۔ یہ استلام مسنون ہے دونوں ہاتھوں سے استلام کا اشارہ کیجئے اور ہاتھ چوم لیں جیسا کہ پہلے ذکر آ چکا ہے پھر صفا کی طرف چلیں۔ کوہ صفا کی طرف یہ کہتے ہوئے جائیں۔

أَبْدَاُ بِمَا بَدَأَ اﷲُ تَعَالٰی إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِنْ شَعَآئِرِ اﷲِ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ اَوِ اعْتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْه اَنَّ يَطَّوَّفَ بِهِمَا وَمَنْ تَطَوَّعَ خَيْرًا فَاِنَّ اﷲَ شَاکِرٌ عَلِيْمٌ

ترجمہ: میں ابتدا کرتاہوں ساتھ اس کے جس کے ساتھ ابتدا کی ہے اللہ تعالیٰ نے (اپنے اس فرمان میں) تحقیق صفا اور مروہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہیں، پس جو شخص بیت اللہ شریف کا حج یا عمرہ کرے پس اس پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ دونوں کا طواف کرے اور جو خوشی سے بھلائی کرے پس بے شک اللہ تعالیٰ قدر دان جاننے والا ہے۔

سعی کی نیت

صفا کی پہاڑی پر زیادہ اوپر چڑھنا خلاف سنت ہے اور مروہ پر بھی زیادہ اوپر نہیں چڑھنا چاہئے صرف اتنا چڑھنا کافی ہے کہ اگر سامنے مسجد الحرام کے دالان نہ ہوتے تو وہاں سے بیت اللہ نظر آنے لگتا۔ کوہ صفا پر چڑھیں تو بیت اللہ کی طرف منہ کر کے کھڑے ہو جائیں اور سعی کی نیت دل میں کریں اور منہ سے اس طرح پڑھیں۔

اَللّٰهُمَّ إِنِي أُرِيْدُ السَّعْيَ بَيْنَ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ سَبْعَةَ أَشْوَاطٍ لِّوَجْهِکَ الْکَرِيْمِ فَيَسِّرْه لِي وَتَقَبَّلْه مِنِّي.

ترجمہ: اے اللہ صفا اور مروہ کے درمیان سات چکروں سے سعی کرتا ہوں محض تیری بزرگ ذات کے لئے پس میرے لئے اسے آسان کر دے اور مجھ سے وہ قبول کر لے۔

پھر دونوں ہاتھوں کو اس طرح اٹھائیں میں جس طرح دعا اٹھاتے ہیں۔ تکبیر و کلمہ بلند آواز سے پڑھیں اور درود شریف آہستہ پڑھیں اور خوب دل لگا کر دعا کریں ہر ایک کے لئے دعا مانگیں، مسلمانوں کے حق میں دعا کریں اور اپنے ملک کی سلامتی اور بقا کے لئے دعا کریں۔ یہ بھی دعا کے قبول ہونے کا وقت ہے۔


Topics


روحانی حج وعمرہ

خواجہ شمس الدین عظیمی

چار ابواب پر مشتمل اس کتاب کے باب اول میں تمام مقدس مقامات کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ باب دوئم میں حج وعمرہ کا طریقہ اورباب سوئم میں اراکین حج وعمرہ کی حکمت بیان کی گئی ہے۔جب کہ باب چہارم میں چودہ سوسال میں گزرے ہوئے اورموجودہ صدی میں موجود ایسے مردوخواتین بزرگوں کے مشاہدات وکیفیات جمع کئے گئے ہیں جن کو دوران حج وعمرہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا فیض حاصل ہوا ہے اورجن خواتین وحضرات  کو خالق اکبر ، اللہ وحدہ لاشریک کا صفاتی دیدارنصیب ہوا۔