Topics

سعی کا ساتواں پھیرا (صفا سے مروہ تک)

سعی کا ساتواں پھیرا صفا سے شروع ہو کر مروہ پر ختم ہو جاتا ہے۔ ساتویں پھیرے کی مکمل دعا یوں ہے۔

image

ترجمہ: اللہ سب سے بڑا ہے۔ اللہ سب سے بڑا ہے۔ اللہ سب سے بڑا ہے۔ بہت اور بکثرت تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں۔ اے اللہ مجھے ایمان کی محبت عطا فرما اور اسے میرے دل کی زینت بنا۔ کفر، گناہ اور نافرمانی سے مجھے متنفر فرما۔ مجھے ہدایت یافتہ لوگوں میں شامل فرما۔ اے پروردگار! ہمیں بخش دے، رحم فرما، معاف فرما اور کرم کر۔(میرے گناہ) جو تو جانتا ہے نظر انداز کر دے۔ بے شک تو وہ کچھ جانتا ہے جو ہم نہیں جانتے۔ بے شک تو اللہ ہے، سب سے زیادہ طاقتور، سب سے زیادہ کریم۔ اے اللہ ہمارا عرصہ حیات نیکیوں میں ختم ہو۔ ہماری امیدیں تیرے فضل سے پوری ہوں۔ تیری خوشنودی پانے کے لئے ہماری راہیں آسان فرما اور ہر حالت میں ہمارے اعمال میں حسن پیدا کر۔ اے ڈوبتوں کو بچانے والے، اے ہلاک ہونے والوں کی پناہ گاہ، اے ہر سرگوشی کے گواہ، اے ہر شکایت کا آخری مقام، اے دائمی احسان کرنے والے، اے ہمیشہ بھلائی کرنے والے، اے وہ ذات جس کے بنا وہ کچھ ممکن نہیں، اے وہ ذات جس کے بغیر کوئی چارہ نہیں، اے وہ ہستی جس پر سب کا رزق منحصر ہے اور جس کی طرف سب کو لوٹنا ہے۔ اے اللہ، جو کچھ تو نے ہمیں دیا ہے اور جو کچھ ہم سے روکا ہے میں ان سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ اے اللہ ہمیں بحیثیت مسلمان وفات دے اور رسوائی اور دیوانگی کے بغیر نیکوکاروں میں شامل فرما۔ اے پروردگار کام آسان فرما، مشکل نہ بنا۔ اے پروردگار انجام بہتر فرما۔
بیشک صفا اور مروہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہیں۔ جو کوئی بیت اللہ کا حج یا عمرے کرے اس کے لئے کوئی حرج نہیں کہ وہ ان دونوں کا طواف کرے۔ جو کوئی اپنی مرضی سے نیکی کرے تو اللہ تعالیٰ شکر قبول کرنے والا، جاننے والا ہے۔
ساتویں چکر کے بعد مروہ پر آپ کی سعی مکمل ہو جائے گی۔ اب آپ تمام سر کے بال منڈوالیں یا انگلی کے ایک پور کی لمبائی کے برابر بلکہ کچھ زیادہ تمام سر کے بال کتروائیں۔ اگر بال انگلی کے ایک پور کی لمبائی سے کم ہیں تو سر منڈوانا ہی ضروری ہے۔ بعض حضرات مروہ کی پہاڑی پر جو لوگ قینچی لئے کھڑ ے ہوتے ہیں، ان سے سر کے چند بال کتروا کر سمجھتے ہیں کہ احرام کھل گیا، یہ غلط ہے۔ حنفی محرم کے حلال ہونے کیلئے سر کے چند بال کتروانا ہرگز کافی نہیں ہے۔ اگر کسی نے اس طرح سے چند بال کتروا کر سلے ہوئے کپڑے پہن لئے اور پورے ایک دن یا ایک رات یا اس سے زیادہ پہنے رہا تو اس پر دم واجب ہو جائے گا کیونکہ احرام کھلنے کے لئے کم از کم چوتھائی سر کے بال کتروانا واجب ہے اور تمام سر کے بال کتروانا یا منڈوانا سنت ہے، سر منڈوانے میں پہلے دائیں جانب سے منڈوانا مسنون ہے۔ عورتوں کے لئے سر منڈوانا جائز نہیں۔ آپ کے ساتھ بیوی ہو یا ایسی عورت جس کے آپ محرم ہیں تو یہ حکم ہے کہ انگلی کے ایک پور کے برابر یا اس سے کچھ زیادہ ساری چٹیا پکڑ کر یا چٹیا کے دائیں بائیں اور پیچھے تین حصے کر کے ہر حصے سے انگلی کے ایک پور کے برابر یا اس سے کچھ زیادہ بال کٹوائیں یا کاٹ دیں تو احرام سے نکلنے کیلئے کافی ہے۔

Topics


روحانی حج وعمرہ

خواجہ شمس الدین عظیمی

چار ابواب پر مشتمل اس کتاب کے باب اول میں تمام مقدس مقامات کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ باب دوئم میں حج وعمرہ کا طریقہ اورباب سوئم میں اراکین حج وعمرہ کی حکمت بیان کی گئی ہے۔جب کہ باب چہارم میں چودہ سوسال میں گزرے ہوئے اورموجودہ صدی میں موجود ایسے مردوخواتین بزرگوں کے مشاہدات وکیفیات جمع کئے گئے ہیں جن کو دوران حج وعمرہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا فیض حاصل ہوا ہے اورجن خواتین وحضرات  کو خالق اکبر ، اللہ وحدہ لاشریک کا صفاتی دیدارنصیب ہوا۔