Topics

* حضرت ذوالنونؒ مصری

فرماتے ہیں کہ میں ایک دن بیت اللہ شریف کا طواف کر رہا تھا۔ لوگوں کی آنکھیں بیت اللہ پر مرکوز تھیں۔ سب کو سکون مل رہا تھا کہ دفعتاً ایک شخص بیت اللہ کے قریب آیا اور یہ دعا کرنے لگا۔ ’’اے اللہ میں تجھ سے وہ چیز مانگتا ہوں جو سب چیزوں سے زیادہ قریب ہو اور وہ عبادت مانگتا ہوں جو سب سے زیادہ تجھے محبوب ہو۔ اے اللہ! میں تیرے برگزیدہ بندوں کے طفیل اور تیرے انبیاء کے وسیلے سے یہ مانگتا ہوں کہ اپنی محبت کی شراب کا ایک پیالہ مجھے پلا دے اور میرے دل پر سے اپنی معرفت سے جہل کے پردے ہٹا دے تا کہ میں اڑ کر تجھ تک پہنچ جاؤں اور عرفان کے باغوں میں تیرے ساتھ سرگوشیاں کروں۔‘‘ اس کے بعد وہ شخص اتنا رویا کہ زمین پر ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔ پھر وہ بندہ ہنسا اور وہاں سے رخصت ہو گیا۔ ذوالنون فرماتے ہیں کہ میں ان کے پیچھے چل دیا۔ اور میں اپنے دل میں سوچ رہا تھا کہ یہ شخص یا تو بڑا کامل ہے یا پاگل ہے۔ وہ مسجد سے نکل کر ایک ویرانے کی طرف چل دیا۔ میں پیچھے پیچھے چلتا رہا۔ وہ کہنے لگے تجھے کیا ہوا۔ کیوں چلے آ رہے ہو اپنا کام کرو۔ میں نے پوچھا۔ اللہ تم پر رحم کرے۔ تمہارا کیا نام ہے۔ کہنے لگے عبداللہ۔ میں نے پوچھا۔ آپ کے والد کا کیا نام ہے۔ بتایا عبداللہ۔ میں نے کہا یہ توظاہر ہے کہ سب اللہ کے بندے ہیں اور اللہ کے بندوں کی اولاد ہیں۔ تمہارا کیا نام ہے۔ کہنے لگے میرے باپ نے میرا نام سعدون رکھاتھا۔ میں نے کہا جو سعدون مجنون کے نام سے مشہور ہے۔ کہنے لگے۔ ہاں۔ میں وہی ہوں۔ میں نے پوچھا۔ وہ کون برگزیدہ لوگ ہیں جن کے وسیلے سے تو نے دعا کی۔ وہ لوگ اللہ کے وہ بندے ہیں جنہوں نے عشق کو اپنا لیا ہے۔


Topics


روحانی حج وعمرہ

خواجہ شمس الدین عظیمی

چار ابواب پر مشتمل اس کتاب کے باب اول میں تمام مقدس مقامات کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ باب دوئم میں حج وعمرہ کا طریقہ اورباب سوئم میں اراکین حج وعمرہ کی حکمت بیان کی گئی ہے۔جب کہ باب چہارم میں چودہ سوسال میں گزرے ہوئے اورموجودہ صدی میں موجود ایسے مردوخواتین بزرگوں کے مشاہدات وکیفیات جمع کئے گئے ہیں جن کو دوران حج وعمرہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا فیض حاصل ہوا ہے اورجن خواتین وحضرات  کو خالق اکبر ، اللہ وحدہ لاشریک کا صفاتی دیدارنصیب ہوا۔