Topics

اللہ تعالیٰ کے درمیان حجاب

سوال: اللہ تعالیٰ کا ہم اپنے شعوری حواس میں رہتے ہوئے کس طرح ادراک کر سکتے ہیں؟

جواب: اللہ تعالیٰ سے قربت کا احساس ہوتا ہے۔ مگر درمیان میں حجاب حائل ہوتا ہے۔ بعض اوقات ادراک میں یہ بات سما جاتی ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کو چھو لیا ہے۔ یا اللہ تعالیٰ نے ہمارے اوپر اپنا ہاتھ رکھ دیا ہے۔ یا اللہ تعالیٰ نے سجدہ کی حالت میں اپنا پائے مبارک ہمارے سر پر رکھ دیا ہے۔ فکر کے بعد نتیجہ ہمیشہ یہی نکلتا ہے کہ ہمارے اللہ تعالیٰ کے درمیان حجاب قائم ہے۔

پائے مبارک کے بارے میں صرف ادراک کام کرتا ہے لیکن ہم اس کو بیان نہیں کر سکتے کہ اللہ تعالیٰ کے پیر مبارک اس طرح کے تھے۔

ہوتا یہ ہے کہ ادراک میں یہ بات آ جاتی ہے کہ حجاب کے پیچھے اللہ تعالیٰ تشریف فرما ہیں۔ ذوق عبدیت بندہ کو سجدہ کی حالت میں لے آتا ہے۔

اب ادراک میں یہ بات آتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عبدیت کو قبول فرما لیا ہے۔ بندہ کے سر پر پائے مبارک رکھ کر قبولیت کا اظہار کر رہے ہیں۔

عرش و کرسی پر اللہ تعالیٰ کا دیدار کسی نہ کسی طرح خدوخال میں بیان کیا جا سکتا ہے۔ لیکن حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اللہ تعالیٰ کی ایسی شکل و صورت ہے۔ صرف اشارہ کنایہ میں بیان کیا جا سکتا ہے۔

ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ عرش پر اللہ تعالیٰ تشریف فرما ہیں۔ بصارت کا ادراک یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ایک نور ہیں۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کا ہاتھ دیکھا۔ لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہنا پڑے گا۔ صرف ہاتھ دیکھا۔ پورا جسم نہیں دیکھا۔

عرش پر ایک ہستی تشریف فرما ہے۔ اس ہستی کے خدوخال کیا ہیں۔ اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ایک ہستی تشریف فرما ہے جو اللہ ہے مگر اس ہستیِٔ اقدس نے ایک برقعہ سے اپنا سراپا چھپایا ہوا ہے۔

ہم نے اللہ تعالیٰ کی آنکھ کا مشاہدہ کیا۔ اگر یہ سوال کیا جائے کہ اللہ تعالیٰ کی اس طرح کی آنکھیں ہوتی ہیں۔ جس طرح انسان کی ہوتی ہیں تو جواب یہ ہو گا کہ صرف آنکھ دیکھتی ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اللہ تعالیٰ کے چہرہ پر دو آنکھیں ہیں اور اس طرح کی ہیں۔

آج مراقبہ میں دیکھا کہ میرے اندر کائنات کی (Base) تسلسل کے ساتھ آ رہی ہے اور میرے اندر کائنات تخلیق ہو رہی ہے۔

ذوجین التنین (مثلث) کے دونوں رخ میرے اندر ہیں۔ اور ان مثلث کو ایک دائرے نے محیط کر رکھا ہے۔

مثلث کے اندر رَو کی صورت میں نور کی لہر بغیر کسی انقطاع کے گر رہی ہے۔ جیسے ہی وہ مثلث سے آ کر ٹکراتی ہے۔ مثلث کے اندر بکھر جاتی ہے۔ اور اس کا بکھرنا ہی کائنات ہے۔

اس کی مثال سنیما سے دی جا سکتی ہے۔ مشین سے ایک رَو لہروں کی صورت میں نزول کرتی ہے اور وہ لہریں اسکرین سے ٹکراتی ہیں۔ جیسے ہی ٹکرانا وقوع پذیر ہوتا ہے۔ پردہ پر مختلف شکلیں نمودار ہو جاتی ہیں۔

یہی صورت انسان کے اندر جاری و ساری ہے۔ مصدر اطلاعات یا عالم امر سے ایک رو چلتی ہے اور انسان کے اندر (مثلث) اسکرین پر آ کر ٹوٹتی اور بکھر جاتی ہے۔ بکھرنے کے ساتھ ہی وہ سب لہریں ہو جاتی ہیں۔ اس رو کے اندر پوری کائنات پوشیدہ ہے۔

اس رو میں انسان، جنّات، فرشتے تمام اجرام سماوی عرش کرسی اور حجابات سب کچھ ہیں۔

صرف اللہ تعالیٰ کی ذات اس رو سے ماوراء ہے۔ اللہ تعالیٰ کا وجود الگ ایک ہستی ہے۔

حجابات تک اس رَو اور مثلث میں مشاہدہ ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی صفات بھی اس رَو اور مثلث میں مشاہدہ ہوتی ہیں۔ لیکن ذاتِ باری تعالیٰ اس رَو اور مثلث سے ماوراء ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذاتِ اقدس (Dimension) اور خدوخال سے ماوراء ہے۔

ہم اللہ تعالیٰ کی ہستی کو شکل و صورت اور خدوخال میں محدود نہیں کر سکتے اللہ تعالیٰ کی ہستی کا ادراک ضرور کر لیتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ جب شرف ہم کلامی عطا فرماتے ہیں۔ تو پردہ کے پیچھے سے آواز سنائی دیتی ہے۔ اور ادراک میں اللہ تعالیٰ کی ہستی بھی ہوتی ہے۔ لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ اللہ تعالیٰ جس وقت تکلم فرما رہے تھے۔ ان کے ہونٹ ہل رہے تھے۔

Topics


روح کی پکار

خواجہ شمس الدین عظیمی

انتساب

اُس روح
کے
نام
جو اللہ تعالیٰ
کا عرفان
حاصل کر لیتی
ہے