Topics

کشف و کرامات

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :

'' میں چھپا ہوا خزانہ تھا، میں نے محبت کے ساتھ مخلوق کو تخلیق کیا تاکہ میں پہچانا جاؤں۔''

پہچاننے کے لئے ضروری تھا کہ مخلوق خالق سے اور خالق کی صفات سے متعارف ہو۔ تعارف کے لئے ضروری ہے کہ درمیان میں ایک ذات ایسی ہو جو تعارف کا منشاء پورا کرسکے۔ تعارف کی تکمیل اس وقت تک نہیں ہوتی جب تک کہ تعارف کرانے والا خود ذات کی پوری صفات کا عارف نہ ہو۔ لہٰذا یہ ضروری ہوا کہ ذات باری کی صفات کا واقف ایک ایسا نور پیدا ہو جو خالق کے اس منشاء کو جو مخلوق میں تعارف سے ہے، پوراکرسکے۔ یہی نور علیٰ نور سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام ہیں۔ 

اللہ تعالیٰ کی سنت میں نہ تبدیلی واقع ہوتی ہے اور نہ تعطل پیدا ہوتا ہے۔ اس لئے سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پردہ فرمانے کے بعد یہ سلسلہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں اولیاء اللہ کے ذریعے قائم ہے اور ابد تک قائم رہے گا۔ ایسے بندوں سے جب کوئی خرق عادت صادر ہوتی ہے تو کرامت کہلاتی ہے اور یہی خرق عادت جب پیغمبروں کے ذریعے سامنے آتی ہے تو معجزہ کہلاتی ہے۔ چونکہ ان پاکیزہ ہستیوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے خاص نسبت ہوتی ہے اس لئے ان کی ذات والا صفات سے ایسے ایسے واقعات منظر عام پر آتے ہیں جن کی عقلی تشریح ممکن نہیں۔

سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کے وارث اور اللہ کے دوست حضور قلندر بابا اولیاءؒ کی ذات بابرکات سے جو کرامات وقتاً فوقتاً صادر ہوتی رہی ہیں، قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔


Topics


تذکرہ قلندربابااولیاء

خواجہ شمس الدین عظیمی

اس کتاب میں امام سلسلہ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء کے حالات زندگی، کشف و کرامات، ملفوظات و ارشادات کا قابل اعتماد ذرائع معلومات کے حوالے سے مرتب کردہ ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔


ا نتساب

اُس نوجوان نسل کے نام 

جو

ابدالِ حق، قلندر بابا  اَولیَاء ؒ  کی 

‘‘ نسبت فیضان ‘‘

سے نوعِ ا نسانی  کو سکون و راحت سے آشنا کرکے

 اس کے اوپر سے خوف اور غم کے دبیز سائے

 ختم کردے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر

انسان  اپنا  ازلی  شرف حاصل کر کے جنت 

میں داخل ہوجائے گا۔



دنیائے طلسمات ہے ساری دنیا

کیا کہیے کہ ہے کیا یہ  ہماری   دنیا

مٹی  کا  کھلونا ہے   ہماری تخلیق

مٹی  کا کھلونا  ہے یہ ساری   دنیا


اک لفظ تھا اک لفظ سے  افسانہ ہوا

اک شہر تھا اک شہر سے ویرانہ ہوا

گردوں نے ہزار عکس  ڈالے ہیں عظیمٓ

میں خاک ہوا خاک سے پیمانہ ہوا