Topics

سلام اے آمنہ کے لال

سلام اے آمنہ کے لال اے محبوب سبحانی

سلام اے فخرِ موجودات ، فخر نوعِ  انسانی


سلام اے ظلِ رحمانی، سلام اے نورِ یزدانی

ترا نقشِ  قدم ہے  زندگی کی  لوحِ  پیشانی


زمانہ منتظر ہے  اب نئی شیرازہ  بندی  کا

بہت کچھ ہو چکی اجزائے ہستی کی  پریشانی


زمین کا  گوشہ گوشہ نور سے معمور  ہو  جائے

ترے پرتو سے مل جائے ہر اک ذرے کو تابانی


ترا در ہو مرا سر ہو، میرا دل ہو تیرا گھر ہو

تمنا  مختصر  سی ہے  مگر  تمہید   طولانی

سلام  اے  آتشیں   زنجیرِ  باطل  توڑنے  والے

سلام اے خاک کے ٹوٹے ہوئے دل جوڑنے والے

(حفیظ جالندھری)


محمدرسول اللہ ۔ جلد اول

خواجہ شمس الدین عظیمی

معروف روحانی اسکالر ، نظریہ رنگ ونورکے محقق حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے اپنے مخصوص اندازواسلوب میں سیرت طیبہ پر قلم اٹھایا ہے  اس سلسلے کی تین جلدیں اب تک منظر عام پر آچکی ہیں ۔

محمدرسول اللہ ۔ جلد اول میں سیدناحضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام  کی سیرت پاک کے اس حصہ کا مجمل خاکہ ہے جس میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے تبلیغ دین کے سلسلے ۲۳سال جدوجہداورکوشش فرمائی۔ الہٰی مشن کی ترویج کے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کے دورکرنے کے لئے حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی ساری زندگی پریشانیوں اورذہنی اذیتوں میں گزرگئی اوربالآخرآپ ﷺ اللہ کا پیغام پنچانے میں کامیاب وکامران ہوگئے۔ آپ ﷺ اللہ سے راضی ہوگئے اوراللہ آپ ﷺ سے راضی ہوگیا۔