Topics

سیرت نگار خواتین اسلام

سنت الٰہی ہمیشہ جاری رہی کہ ہر دور میں جب بھی علوم و فنون اورعلما فضلا کی ضرورت ہوئی اس میں مردوں کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی پورے جذبہ و شوق کے ساتھ نمایاں خدمات انجام دیں۔جب پہلی اور دوسری صدی ہجری میں پورے عالم اسلام میں احادیث و آثار کی روایت و تدوین کا سلسلہ شروع ہوا۔ تو اس وقت صحابیات و تابعات اور دیگرخواتین اسلام نے بھی احادیث مرتب کیں۔

۱۔ چناچہ حضرت عمرہ بنت عبدالرحمانؓ انصاری کے مجموعہ احادیث کے بارے میں حضرت عمرؓ بن عبد العزیز نے حضرت ابو بکر بن محمد بن حزم کو خاص طور سے تاکیدکی کہ وہ اسے حاصل کرلیں اور جن کے پاس حدیثیں محفوظ تھیں انھوں نے اپنے خاندان کے لوگوں سے ان کی روایت کی ۔یہی حضرت عمرہ بنت عبدالرحمانؓ انصاری ہیں،جنھوں نے ام المومین حضرت عائشہؓ اوراپنی بہن ام ہشام ،حبیبہ اور حمنہ بنت جحش سے احادیث کی روایت کی تھی اور ان سے ان کے صاحب زادے ابوا لرجال ،بھائی محمد بن عبدالرحمان ،پوتے حارثہ بن ابو الرجال دونوں بھتیجے یحییٰ بن عبداللہ بن عبدالرحمان اور ابو بکر بن محمد بن عبدالرحمان اور ان کے بیٹے عبداللہ بن محمد بن عبداللہ نے روایت کی۔(طبقات ابن سعد)
۲۔ امام حسن بصری ؒ کی والدہ خیرہ نے ام المومنین حضرت ام سلمہؓ سے روایت کی اوران سے خیرہ کے دو صاحب زادوں یعنی حسن بصری اور سعید بصری نے روایت کی ۔

۳۔ صفیہ بنت علیبہ عنبریہ نے اپنے دادا حرملہ بن عبداللہ عنبری اور دادی قیلہ بنت مخرمہ سے روایت کی اور ان سے ان کے  پوتے عبداللہ بن حسان عنبری نے روایت کی ۔

۴۔ رائطہ بنت مسلم نے اپنے والد مسلم سے اور ان سے ان کے بیٹے عبداللہ بن حارث عنبری مکی نے روایت کی ۔

۵۔ ام یحییٰ حمید بن عبید رفاعہ انصاری نے اپنی خالہ کبثہ بنت کعب بن مالک سے اور ان سے ان کے شوہر اسحاق بن عبداللہ بن ابو طلحہ اور بیٹے یحییٰ بن اسحاق نے روایت کی ۔

۶۔ حبیبہ بنت میسرہ سے ان کے غلام عطاء بن ابورباح نے روایت کی ۔

۷۔ حکیمہ بنت امیہّ بن اخنس نے حضرت ام سلمہؓ سے اور ان سے ان کے بیٹے یحییٰ بن ا بو سفیان اخنسی نے روایت کی ۔

۸۔ کبشہ بنت ابو بکر ثقفیہ نے اپنے چچا سے اور ان سے ان کے بھتیجے بکار بن عبدالعزیز بن ابو بکرہ نے روایت کی۔

۹۔ خدیجہ بنت قاضی شہاب الدین احمد نے اپنی نانی حسنہ بنت محمد بن کامل سے احادیث کا علم سیکھا۔ 

ان چند مثالوں سے یہ حقیقت واضح ہوجاتی ہے کہ خواتین اسلام کے ذریعہ احادیث و آثار کی ترویج اشاعت کس طرح ہوئی ہے۔

Topics


باران رحمت

خواجہ شمس الدین عظیمی

جملہ حقوق نوع انسانی کے لئے محفوظ ہیں
اس کتاب کا کوئی بھی حصہ یا پوری کتاب 
ہر علم دوست انسان چھاپ سکتا ہے۔


نام کتاب : باران رحمت صلی اللہ علیہ وسلم 
سن اشاعت: 27جنوری 2012
پبلشر: سیرت چیئر
شعبہ علوم اسلامیہ
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان