Topics

غیب کا شہُود

روحانی دنیا میں رات غیب کے شہود کا ذریعہ ہے۔ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ و سلم سے ارشاد فرمایا ہے:

’’اے میرے محبوب، رات کو اٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کیجئے۔‘‘

’’پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو راتوں رات لے گئی مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک۔‘‘

’’اور وعدہ کیا موسیٰ ؑ سے تیس رات کا اور پورا کیا چالیس رات میں۔‘‘

’’اور نازل کیا ہم نے اس کو لیلۃ القدر میں، لیلتہ القدر بہتر ہے ہزار مہینوں سے ، اس رات میں اترتے ہیں فرشتے اور روح اپنے رب کے حکم سے اور یہ رات امان اور سلامتی کی رات ہے۔‘‘

خدا سے تعلق پیدا کرنے اور اس میں استحکام کے لئے آخری شب میں بیدار ہو کر خود کو خدا کی طرف متوجہ (مراقبہ) کرنا ضروری ہے۔ خدا نے اپنے دوستوں کی یہی امتیازی خوبی بیان فرمائی ہے کہ وہ راتوں کو اٹھ کر اپنے خالق کے سامنے جھکتے ہیں۔ سجدہ کرتے ہیں اور اپنی خطاؤں کی معافی مانگتے ہیں۔ شب بیدار لوگوں کو اطمینان قلب کی دولت نصیب ہوتی ہے۔ ان کے اوپر بشارت کے ذریعے آنے والی باتوں کا انکشاف ہوتا ہے۔ انہیں سچے خواب نظر آتے ہیں۔ نبئ برحق صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے کہ اب نبوت میں سے بشارتوں کے علاوہ کچھ باقی نہ رہا۔ لوگوں نے پوچھا۔ ’’بشارت سے کیا مراد ہے یا رسول اللہﷺ!

آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا۔ ’’اچھا خواب۔‘‘

حضرت محمد علی مونگیریؒ نے ایک بار حضرت مولانا فضل الرحمان گنج مراد آبادی سے عرض کیاکہ کوئی درود شریف بتایئے جس کی برکت سے سرور کائنات صلی اللہ علیہ و سلم کی زیارت نصیب ہو جائے۔

کچھ تامل کے بعد کہا ۔’’حضرت سید حسنؒ کو اس درود و برکت سے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا دیدار نصیب ہوا ہے۔

اَللّهُمَّ صَلِّ عَلي‘مُحَمَّدٍ وَ عِتْرَ تۃ بِعَدَدِكُلِّ مَعْلُومٍ لَّکَ

(خدایا رحمت نازل فرما محمدﷺ پر اور ان کی آل پر ان تمام چیزوں کے بقدر جو تیرے علم میں ہیں)

ہادئ برحق رحمت للعالمین حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے:

’’جس شخص نے مجھے خواب میں دیکھا اس نے واقعتاً مجھے ہی دیکھا اس لئے کہ شیطان میری صورت میں نہیں آ سکتا۔‘‘

اللہ اور اس کے فرشتے نبئ مکرم پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی اللہ کے محبوبﷺ پر صلوٰۃ و سلام بھیجو!


Topics


تجلیات

خواجہ شمس الدین عظیمی

دنیا کا ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق آپ ّ کی منورزندگی کی روشنی میں اپنی زندگی بہتر بناسکتاہے ۔ قرآن نے غوروفکر اورتجسس وتحقیق کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قراردیا ہے ۔ اس حکم کی تعمیل میں عظیمی صاحب نے قرآن کی آیات اورحضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث مبارکہ پر غوروفکر فرمایا اورروحانی نقطہ نظر سے ان کی توجیہہ اورتفسیر بیان فرمائی ہے جو کہ "نورالہی نورنبوت" کے عنوان سے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی صفحات کی زینت بنتی ہے ۔ کتاب " تجلیات" اس مستقل کالم میں سے چند کالمز کا مجموعہ ہے ۔

انتساب

ان سائنسدانوں کے نام

جو پندرہویں(۱۵) صدی ہجری میں

موجودہ سائنس کا آخری عروج

دُنیا کی تباھی

دیکھ کر ایک واحد ذات خالق کائنات

اللہ کی تجلی کا

عرفان حاصل کر لیں گے۔